ریاض ۔22فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مدینہ منورہ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کرنے اور اس کے ڈرائیور کو دانستہ طور کچلنے والے سعودی باشندے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدینہ منورہ صوبے کی پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ روز جمعے کو دوپہر 12 بجے پولیس کے گشتی دستوں کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس سے گاڑی کی پیچھے والی ا سکرین کو نقصان پہنچا۔بعد ازاں گاڑی کا ڈرائیور جب اُتر کر سواری سے باہر آیا تو ملزم نے اس کو اپنی گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی اور فرار ہو گیا۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے طیبہ کے علاقے میں ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا جہاں فائرنگ کرنے والا شخص چھپ گیا تھا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پھر چھاپہ مارے جانے پر مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم سعودی شہری ہے اور اُسکی عمر تقریباً 40 سال ہے۔ گرفتاری کے دوران ملزم کی فائرنگ سے سیکورٹی فورسز کے تین ملازمین زخمی ہو گئے۔ تینوں ملازمین کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔