مدینہ منورہ: ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مدینہ منورہ کتب میلے میں نادر و نایاب کتب کے نسخے عوام کی دلچسپی کیلئے خصوصی طورپر رکھے گئے ہیں۔ میلے میں رکھی گئی قدیم و نادر کتب میں عوام غیرمعمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔ مدینہ منورہ میں تیسرا کتب میلہ جاری ہے جہاں ادارہ حرمین کی جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا ہے۔ ادارہ حرمین کی لائبریری میں موجود قدیم ترین اور نادر نسخوں کو کتب میلے میں رکھا گیا ہے جن میں سال ہجری 1286 میں قاہرہ میں چھپنے والا صیح البخاری، سال ہجری 1312 کی قدیم کتاب ’المعیار المعرب اور الجامع المغرب‘ کا نسخہ بھی لایا گیا ہے۔ادارہ حرمین کے کتب خانے میں اس وقت 11 ہزار 491 قدیم کتب کے نسخے موجود ہیں جنہیں ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا ہے۔