مذہبی جذبات کو مشتعل کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں ووٹ حاصل کئے گئے

   

کانگریس کی اخلاقی کامیابی، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ گریٹر بلدی انتخابات میں سیاسی طور پر کانگریس کو شکست ضرور ہوئی لیکن اخلاقی طور پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں اس مرتبہ انتخابات انتہائی مختلف اور عجیب نوعیت کے تھے۔ مقامی عوامی مسائل کے بجائے مذہبی ایجنڈہ کو ترجیح دی گئی۔ ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس نے عوام کے جذبات کو مشتعل کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے برخلاف اس کے کانگریس نے ترقی کو انتخابی موضوع بنایا لیکن عوام جذباتی مسائل پر زیادہ متاثر نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے علاقے جہاں پر آندھرائی عوام بستے ہیں وہاں ٹی آر ایس کے حق میں رائے دہی ہوئی جبکہ ہندو آبادی والے علاقوں میں بی جے پی کو ووٹ ملے۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں مجلس نے کامیابی حاصل کی۔ یہ تینوں جماعتوں نے عوام کی خدمت کے بارے میں کوئی وعدہ نہیں کیا ہے محض جذباتی تقاریر اور عوام کو خوفزدہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کئے گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے دولت کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور سرکاری مشنری نے ٹی آر ایس کی مکمل تائید کی ہے۔ الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو اگرچہ 48 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی لیکن یہ کامیابی کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ مذہبی ایجنڈہ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قیام کے 40 سال بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد میں 48 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس حیدرآباد بلدیہ پر طویل عرصہ تک برسراقتدار رہی اور میئر بھی کانگریس کا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی شکست سے پست ہمت نہیں ہے بلکہ وہ دوبارہ عوام کے درمیان جائے گی اور آئندہ انتخابات میں کامیابی اس کا مقدر ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 60 تا70 نشستوں پر کامیابی یقینی ہے اور پارٹی کو
آئندہ تین برسوں میں ہر اسمبلی حلقہ میں کیڈر کو مضبوط کرنا ہوگا۔جگا ریڈی نے کہا کہ وہ بھی پردیش کانگریس کی صدارت کے دعویداروں میں شامل ہیں تاہم ہائی کمان کے فیصلہ کو قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تلنگانہ اور بعض دیگر ریاستوں میں پردیش کانگریس کے صدور کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔