مذہبی خبریں

   

حکومتی سطح کے عہدوں کیلئے لڑکیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری وفنی تعلیم بے حد ضروری
جامعۃ المؤمنات میں ڈاکٹر ہاشم علی ساجد کا خطاب
حیدرآباد 25 اکٹوبر۔ (راست) ۔ ڈاکٹر ہاشم علی ساجد ڈپٹی رجسٹرار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ کا تعلیمی دورہ کیا اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیم یم ۔اے ،بی۔اے دیگر کورسس میں داخلوں کے سلسلے میں طالبات جامعۃ المؤمنات میں شعور بیدار کیا اور کہا کہ حکومتی سطح کے عہدوں کیلئے لڑکیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری وفنی تعلیم بے حد ضروری ہے ،اگر آپ طالبات اپنے دینی علوم کے حصول کے ساتھ عصری وفنی تعلیم حاصل کرینگی تو سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی اہلیت حاصل کرسکتی ہیں ۔ڈاکٹر محمد مظہر قادری اسٹیٹ ریجنل ڈائرکٹر سب حیدرآباد نے کہا کہ عالمات ،فاضلات اور حافظات کا تعلق شعبہ تدریس سے ہوتا ہے حکومت کے ذریعہ جتنے امتحانات ہوتے ہیں اس میں کامیابی کے بعد ان کے ذریعہ بڑے عہدہ پر فائز ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عبد العلیم اسسٹنٹ پروفیسر مولانا آزاد یونیورسٹی نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ایک خاتون کو تیار کرنے سے ایک قوم تیار ہوتی ہے کیوں کہ جب ایک مرد تعلیم حاصل کرتا ہے تو ان کا علم چوکھٹ پر رہتا ہے اورجب خاتون تعلیم حاصل کرتی ہے تو اس کا علم نسلوں تک پہنچتا ہے ۔ اجلاس کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرأت ، مفتیہ حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا، اس موقع پرمفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ نے جامعۃ المؤمنات کا تعارف اور مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹرکے یم صادق علی ،مفتی عبد الرحیم ومعلمات شریک رہے۔

شاہی مسجد باغ عامہ میں درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : شاہی مسجد باغ عامہ نامپلی میں بروز اتوار بعد نماز ظہر مولانا حافظ احسن بن محمد الحمومی امام و خطیب مسجد ہذا درس قرآن مجید دیں گے ۔۔
عرس شریف حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائیؒ
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( راست ) دکن میں سلسلہ ابوالعلائیہ کے سرخیل حضرت شاہ محمد قاسم المعروف حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی ؒ کا عرس شریف 2 نومبر2024 بروز ہفتہ مقرر ہے۔ بعد نماز مغرب صندل مالی و محفل سماع ، 3 نومبر اتوار کو 8 تا 9 بجے صبح ختم قرآن ، بعد نماز مغرب تا 10 بجے شب محفل سماع و چراغاں، بعد نماز عشاء 4 نومبر بروز پیر بعد نماز مغرب تا 10 بجے شب محفل سماع و قل شریف مقرر ہے۔ عرس شریف کی خدمات اور انتظامات کی نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین کریں گے۔
مسجد عالیہ میں تاریخ اسلام لیکچر
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر ، ( راست ) جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں ہفتہ واری محافل تاریخ اسلام لیکچر کی نشست 26 اکٹوبر کو بعد نماز عصر عنوان ’دارالعلوم دیوبند کے قیام کا تاریخی پس منظر ‘ پر ڈاکٹر مفتی تنظیم عالم قاسمی مخاطب کریں گے۔
مسجد الصفہ معین باغ میں اجلاس عام‘
مولانا ظفر الحسن مدنی کا خصوصی خطاب
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (راست) ۔مسجد الصفہ اہلحدیث معین باغ میں زیر اہتمام شہری جمعیت اہلحدیث حیدرآباد وسکندرآباد بصدارت مولانا شفیق عالم خان جامعی امیر جمعیت اہلحدیث حیدرآباد وسکندرآباد 26 اکتوبر بروز ہفتہ بعد نماز مغرب ایک پروگرام مقرر ہے ، جس میں شیخ ظفر الحسن مدنی کا اسلام اوردین کے مصادر کوواضح اور رسول اکرم ؐ کے اصحاب واخیار،تابعین اور تبع تابعین کے طور طریقہ کو بتانے کے لئے ’’منہج سلف کی ضرورت واہمیت‘‘کے عنوان پر خصوصی خطاب ہوگا۔ خواتین کے لئے بھی پردہ کا معقول انتظام رہے گا۔ مزید تفصیلات 9490070002 پر ربط کریں۔

منہج سلف کی اہمیت پر اجتماع عام
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جمعیت اہلحدیث و حیدرآباد سکندرآباد کے زیر اہتمام بعنوان ’ منہج سلف کی اہمیت ‘ پر اجتماع عام 26 اکٹوبر ہفتہ بعد نماز مغرب مسجد الصفہ اہل حدیث حلقہ معین باغ ریاست نگر میں مقرر ہے ۔ صدارت مولانا شفیق عالم خان جامعہ ( امیر جمعیت اہلحدیث حیدرآباد و سکندرآباد ) کریں گے۔ مہمان مقرر الشیخ ظفر الحسن مدنی ہوں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم ہے ۔۔