مذہبی خبریں

   

عقیدہ ختم نبوت کے پہلے محافظ خلیفہ سیدنا ابوبکر صدیق ؓ،علماء نظامیہ آرگنائزیشن کا تلنگانہ و آندھرا میں ختم نبوت تحریری مقابلہ
مولانا ڈاکٹر محمد عبد المجید نظامی و دیگر علماء، مشائخ کا مراکز امتحان کا دورہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( راست ) ۔ علماء نظامیہ آرگنائزیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام عقیدہ ختم نبوت تحریری مقابلہ بزبان اردو اور رومن انگلش کا شہر حیدرآباد کے پانچ مراکز کے علاوہ ریاست ہائے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے بشمول جملہ آٹھ مراکز پر منعقد ہوئے ۔ تقریباً 1500 شرکاء نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبد المجید نظامی، رکن مجلسِ انتظامی جامعہ نظامیہ و سابق صدر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ، مولانا سید شاہ محمود ارشد رضوی قادری ، مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری، مولانا قاضی سید لطیف علی ملتانی قادری، انس ماڈل ہائی اسکول سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ آرگنائزیشن کی جانب سے تالیف و شائع کردہ کتاب ”عقیدہ ختم نبوت ” اور پرچہ سوالات کا مشاہدہ کیا۔ مہمانوں نے کتاب کے عناوین، پرچہ سوالات کے مشمولات اور امتحان کے انعقاد میں علماء نظامیہ آرگنائزیشن کے حسن انتظام پر اطمینان و خوشی کا اظہار کیا۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبد المجید نظامی نے کہا کہ علماء نظامیہ آرگنائزیشن کا یہ تحریری مقابلہ نوجوان نسل کی ایمانی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہے اور اس میں شرکت کرنے سے تمام امیدواروں میں ختم نبوت کے عناوین ازبر ہوجاتے ہیں۔ اور اس کے ذریعہ ایمان و عقیدہ صحیحہ کی حفاظت ہوجاتی ہے۔ مولانا سید شاہ محمود ارشد رضوی قادری نے کہا کہ علماء نظامیہ آرگنائزیشن کے اس تحریری امتحان سے جہاں اسکول، کالیجس یونیورسٹی سطح کے طلباء میں غیرت دینی و اسلامی حمیت بیدار ہوتی ہے تو وہیں دوسری جانب اردو زبان کی حفاظت اور اس کے فروغ کے ساتھ نئی نسل کو زبان اردو سے عملی طور پر جوڑنے کی کامیاب سعی کی گئی ہے۔ ذمہ داران آرگنائزیشن اس کے لیے مبارکبادی کے مستحق ہیں۔ مولانا مفتی محمد حنیف قادری نے کہا کہ جماعت صحابہ میں عقیدہ ختم نبوت کے لیے زمانے کی مخالفتیں برداشت کرکے اس پر قائم رہنے والے اور اسلام کے اس اہم ترین و بنیادی عقیدہ کے پہلے محافظ خلیفہ بلا فصل افضل البشر بعد الانبیاء بالتحقیق سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں۔ مرتدین و دیگر جھوٹے مدعیان نبوت کی سرکوبی کرنے میں حضرت خلیفہ بلا فصل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی خدمات عوام خواص، اہل علم، دانشوران قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ مولانا حافظ سید شاہ یوسف علی اظہر نقشبندی کنوینر امتحانات نے جملہ ذمہ داران سنٹرس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انس ماڈل ہائی اسکول کالا پتھر تاڑبن میں جناب عبد الرحیم و انتظامیہ کے حسن تعاون سے مولانا حافظ سید توفیق اللہ حسینی بخاری، مولانا شیخ محمد وزیر احمد کی نگرانی میں مولانا حافظ احمد شریف، مولانا حافظ سید یونس علی خضر نقشبندی، مولانا محمد مظہر الدین علی خان مولانا حافظ حیدر نقشبندی ودیگر معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دیے۔ محمد میموریل ہائی اسکول، نزد فش بلڈنگ راجندر نگر میں کرسپانڈنٹ جناب محمد مشتاق کے حسنِ تعاون سے مولانا سید شاہ منہاج علی عابدی اور مولانا حافظ الیاس نظامی کی نگرانی میں معلمین و معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دی ۔ نیو آکسفورڈ ہائی اسکول سید نگر2 فرسٹ لانسرز میں کرسپانڈنٹ جناب محمد معین کے حسن تعاون سے مولانا ڈاکٹر مرزا عبد الرحیم بیگ قادری کی نگرانی میں مولانا حافظ سید سراج الدین۔ جناب محمد عابد قادری و دیگر معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دئے۔ صنعت نگر جامع مسجد جعفری میں جناب سید نعمان الدین کے حسن تعاون سے بلو ڈائمنڈ ہائی اسکول صنعت نگر میں مولانا شاہ محمد مختار احمد جنیدی کی نگرانی میں مقامی معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دیئے۔ شہر محبوب نگر کے ایم ایس فنکشن ہال میں مولانا حافظ محمد مجاھد نقشبندی و بردران کے حسن تعاون سے مولانا حافظ محمد الیاس نقشبندی مجددی قادری، ناظم مدرسہ انوار الحسنات محبوب نگر اور مولانا حافظ سید فراست علی ملتانی قادری کی نگرانی میں مولانا حافظ سید شاہ بختیار الدین چشتی، مولانا حافظ محمد شکیل احمد نقشبندی، مولانا حافظ محمد زبیر، مولانا حافظ محمد آصف الدین کاملین جامعہ نظامیہ و دیگر معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دیئے۔ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے مدرسہ فاطمتہ الزہراء للبنات کے ذمہ دار محترمہ ذکیہ فاطمہ صدیقی کے حسن تعاون اور مولانا حافظ غلام حیدر نقشبندی کی نگرانی میں مقامی معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دئیے۔ ریاست آندھرا پردیش یمگنور ضلع کرنول میں مولانا حافظ خیر اللہ بیگ قادری کی نگرانی میں مولانا حافظ عبد الحمید ، مولانا حافظ محمد حسین و دیگر معلمین و معلمات نے ممتحن کے فرائض انجام دی۔ 22ڈسمبر 2024 بروز اتوار صبح 10بجے اردو مسکن آڈیٹوریم ہال خلوت میں منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم انعامات و اسنادات میں مذکورہ تحریری مقابلہ کے نتائج کا اعلان ہوگا۔ مہمان علماء، مشائخ سادات کرام و دانشوران ملت اسلامیہ کے ہاتھوں انعامات، اسنادات میڈلز اور مومنٹوز کامیاب امیدوار کو دیے جائیں گے۔

مجلس عزا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( راست ) : مجلس عزا بروز جمعرات بوقت 8-30 بجے صبح الاوہ سرطوق مبارک دارالشفاء مقرر ہے۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی خطاب کرینگے ۔۔
تجوید و قرأت کا درس
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( راست ) المدرسۃ العربیہ جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی میں 28 نومبر بروز جمعرات سے روزانہ صبح سات بجے سے آٹھ بجے تک ڈاکٹر قاری محمد فضل الدین تجوید و قرأت کا درس دینگے۔
یلاریڈی آر ڈی او نے کیا ڈبل بیڈروم مکانات کا دورہ
یلاریڈی: 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی آر ڈی پربھاکر نے ڈبل بیڈروم مکانات کا دورہ کرتے ہوئے جزوی چل رہے کاموں کو جلد تیزی کیساتھ ختم کرنے اور مستحقین کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے مقامی علاقہ کے 300 ڈبل بیڈروم تعمیر کردہ کا دورہ کرتے ہوئے اختتامی مرحلہ کے کاموں کو جلد مکمل کرنے گتہ داروں کو احکام دیتے ہوئے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار مہیندر کمار اور دوسرے موجود تھے۔ واضح رہے کہ اختتامی کام میں خاصی تاخیر سے غریب عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔