سالانہ جشن ولادت باسعادت
مولائے کائنات
حیدرآباد17 جنوری (راست ) سالانہ جشن ولادت باسعادت مولائے کائنات امیر المومنین حضرت سید نا علی ؓابن ابی طالب و زیارت آثار و مبارک و سالانہ نیاز شریف شیخ عرب و عجم حضرت شاہ رفیع الدین فاروقی قندھاری و ماہانہ فاتحہ قطب دکن حضرت سید شاہ محمد باقر حسینی فقیر پاشاہ قبلہ طارق زیر نگرانی حضرت مولانا سید شاہ محمد باقر حسینی قادری سجادہ نشین درگاہ شریف باقر نگر ہفتہ 18 جنوری بمقام ایوان اولیاء اندرون بارگاہ حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ قاضی پورہ مقرر ہے ۔
کل ہند جشن مولود کعبہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری ( راست ) دلدار ویلفیر ایجوکیشن سوسائٹی کے جناب سید احسان علی عابدی کی اطلاع کے بموجب 19 جنوری بروز اتوار بوقت 8 بجے شب عبادت خانہ باقری تعلقہ بیگن پلی ، کونڈہ پیٹ ، ضلع نندیال کل ہند جشن مولود کعبہ مقرر ہے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی بیان کریں گے دوران جشن دینی تعلیم سے آراستہ طلباء کو اور سماجی خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو انعامات دیئے جائیں گے جس میں مدعو شعراء کرام منظوم ندرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ مسرس ناصر ، صابر ، حسین اثر جعفری ، محمد لئیق علی لئیقؔ ، بوتراب ، تراب علی ترابؔ ، علی جواد شہپرؔ ، حیدرؔ رضوی ، رضا علی صفدرؔ ، احسان علی عابدی ، میر ابوالحسن دبیرؔ کرنول ، سید ذوالفقار علی عابدی کے علاوہ مقامی شعراء حضرات کلام پیش کریں گے۔
فقہی دینی مسائل، امامت، خطابت، ملا، مؤذن کے امتحانات کا آج آغاز
حیدرآباد 17/جنوری (راست) صدر شعبہ امتحانات مفتیہ ناظمہ عزیز مؤمناتی نے بتایا کہ جامعۃ المؤمنات کے سالانہ امتحانات فقہی دینی مسائل، امامت، خطابت، ملا،قضائت، مؤذن 18 جنوری بروز ہفتہ مقرر ہے۔ 19جنوری کو قرأت امام عاصم کوفی ؒ مقرر ہے۔ ہر امتحان کے دو پرچہ ہوں گے پرچہ اول 10/تا ایک بجے دن ۔پرچہ دوم 2 /تا 5/بجے شام مقرر ہے ان امتحانات میں دونوںشہروں کے علاوہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانات مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل کی راست نگرانی میں ہوںگے۔ مراکز کی معائنہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن میں مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات ، مفتی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، مفتی عبدالواسع احمد صوفی وغیرہ شامل ہیں ۔
مجلس فیضان
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (راست) مرکزی جمعیتہ المدارؓ کے زیراہتمام مجلس فیضان مدارالعالمین حضرت سید شاہ بدیع الدین احمد قطب المدار المعروف شہنشاہ حضرت زندہ شاہ مدارؓ 18 جنوری ہفتہ کو مدار گلشن نئی روڈ شمشیرگنج مقرر ہے۔ بعد نماز مغرب محفل حلقہ ذکر و ختم المدار و طبقاتیہ ہوگا۔ بارگاہ رحمتہ اللعلمینؐ میں ہدیہ سلام پیش کیا جائے گا۔ بعد نماز عشاء قصیدہ بردہ شریف و سلام خیرالانام پیش کیا جائے گا۔
جامع مسجد عالیہ میں تاریخ اسلام لکچر
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (راست) کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ سانچہ توپ گن فاونڈری میں 18 جنوری ہفتہ کو بعد نماز عصر 4:45 ساعت تاریخ اسلام لکچر کی نشست منعقد ہوگی۔ بعنوان ’’واقعہ معراج اور اس کا پیغام‘‘ پر ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہدین مخاطب کریں گے۔
بزم جلیلؒ کا جشن ولادت خاتون جنت بی بی فاطمہؓ و حضرت علیؓ طرحی و منقبتی مشاعرہ اور تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (پریس نوٹ) بزم جلیلؒ کے زیراہتمام دوسرا سالانہ جشن ولادت بی بی فاطمہؓ و حضرت علی ابن ابی طالبؓ بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر 18 جنوری ہفتہ کو بعد نماز عشاء مسجد حافظ دلاورمیاں قبلہ چنچلگوڑہ میں ایک طرحی منقبتی مشاعرہ ہوگا۔ مدعو شعرائے کرام ’’غلام زہراہوں میں تو علی کا نوکر ہوں‘‘ اور ’’خیبر میں مصطفیؐ نے پکارا ہے یا علی‘‘ پر اپنا کلام پیش کریں گے۔ حافظ دلاورمیاں کی نگرانی اور مولانا سید محمد سرفراز مہدی تشریف اللہی سرفراز کی صدارت میں طرحی منقبتی مشاعرہ ہوگا۔ اس کے علاوہ قوم مہدویہ میں قومی، مذہبی، سماجی، فلاحی اور تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینے اور اپنی قابلیت کا لوہا منوانے والی شخصیات مقصود علی خان سحر، سید محمود تشریف اللہٰی محمود، مقتدر امیر علی خان اور ثاقب اللہ خان فرزند صدر مجلس بچاؤ تحریک مجید اللہ خان کو تہنیت اور مومنٹو بھی پیش کیا جائے گا۔