مصری قراء حکومت تلنگانہ کے سرکاری مہمان ، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( راست ) : چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے آج اپنے دستخط سے حکومت تلنگانہ کے احکام جاری کر تے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری بانی و محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کی نمائندگی پر حکومت عر ب جمہوریہ مصر وزارت الاوقاف کے چار قرائے کرام جو عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامع الاظہر شریف قاہرہ کے ممتازقاریان قرآن ہے انہیں حکومت تلنگانہ کا سرکاری مہمان بنایا جائے گا۔ اس خصوص میں چیف سکریٹری نے حکومت کے تمام محکموں بشمول ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر پولیس،پروٹوکول آفیسرس، کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کو خصوصی ہدایت دی کہ یہ قرائے کرام کے قیام کے دوران مکمل پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔ مصری قراء14مارچ سے 29مارچ تک ہندوستان میں قیام کریں گے۔
مصری قرائے کرام کا آج رات مشیرآباد میں عظیم الشان جلسہ سماعت القرا ٓن
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( راست ) : جناب محمد اخلاق حسین کنوینر عالمی جلسہ سماعت القرآن کے جاری کر دہ اعلان کے بموجب آج رات بعد نماز تراویح انجمن شادی خانہ مشیر آباد میں سالانہ جلسہ سماعت القرآن کا حضرت پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری بانی و محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کی زیر نگرانی منعقد ہو گا جس میں عالم اسلام کی عظیم درسگاہ جامعہ الاظہر کے قرائے کرام شیخ اسماعیل، شیخ اعظم اور شیخ نور اپنے مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے۔ جناب محمد اخلاق حسین نے کہا کہ حیدرآباد کے مسلمانوں کیلئے یہ ماہ رمضان المبارک میں روحانی تحفہ ہے کہ ہم دنیا کے ان ممتاز قاریان قرآن کو اپنے روبرو سننے کی سعادت حاصل کر تے ہیں۔ انہوں نے فرزندان توحید سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کی سعادت حاصل کریں۔
مصر کے ممتاز قراء کرام کی آج حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( راست ) : عالمی قرآنی و روحانی مہم میں عرب جمہوریہ مصر کی حکومت وزارت الاوقاف کے جید ممتاز چار رکنی قرائے کرام کا قافلہ 13رمضان المبارک 14مارچ کی صبح قاہرہ سے حیدرآباد پہنچیں گے۔ مولانا سید ابراہیم پاشاہ قادری ، مولانا سید متین علی شاہ اور ڈاکٹر سید مرتضیٰ نقشبندی، چیف کو آرڈینیٹرس قرآنی مہم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ عالم اسلام کے قرائے کرام کی آمد اہل ہند کیلئے نزول قرآن پاک کے مقدس ماہ رمضان المبارک میں ایک عظیم نعمت ہے کیونکہ اللہ نے مصر کے قرائے کرام کو لحن داودی عطا فرمایا ہے اور خو ش الحان قرائے کرام سے آیا ت قرآنی کو جب بندگان الٰہی سنتے ہیںتو ایک روحانی وجد کی کیفیت حرارت ایمانی کا پید اہو نا فطری ہے۔ قرآنی و روحانی مہم کے ان قائدین نے فرزندان توحید پر زور دیا کہ وہ ان قاریان قرآن کے قافلہ کا پرتپاک استقبال و خیر مقدم کریں، قراء کرام ہندوستان کے مختلف مقامات میں اپنے مخصوص لحن میںجلسہ سماعت القرآن میں شر کت کریں گے۔جن میں حیدرآباد، دہلی، بنگلور،ممبئی کے علاوہ گلبرگہ اور رائچوربھی شامل ہے۔
ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( راست ) : جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ’ رضائے الہیٰ رمضان کا تحفہ ‘ پر ہوگا ۔ بعد جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندیؒ کا انگریزی ، اردو لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔
جلسہ سماعت قرآن
حیدرآباد /13 مارچ ( راست ) سالانہ دو روزہ جلسہ سماعت قرآن مجید کا اہتمام 15 اور 16 مارچ صبح 9 بجے سے روضہ غوثیہ احاطہ حضرت مرزا سردار بیگ صاحب آغاپورہ میں کیا گیا ہے ۔ الحاج شاہ احمد اکمل گلیمی نمائندگی شاہ ا حمد اجو دگلیمی نگرانی کریں گے ۔
حفاظ کرام صبح 9 بجے سے ایک بجے تک قرآن شریف کی متواصل تلاوت کا شرف حاصل کریں گے ۔
زکوٰۃ ادا کرنے سے رب کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے
حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
حیدرآباد ۔13۔ مارچ (راست ) ۔ حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے،زکوٰۃ کی اہمیت و مقاصدکی نشست کے دوران گفتگو اظہار خیال کرتے ہوئے بتلایا کہ آپ دنیا کی کسی تحریک کو دیکھ لیں، کسی مذہب کا مطالعہ کرلیں، روٹی کا مسئلہ کسی نے نہ نظر انداز کیا، نہ کیا جاسکتا ہے۔ اس لئے غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور معذوروں کی مدد کرنے کا حکم ہر جگہ ہر ایک نے دیا اور دے رہے ہیں مگر جس انداز سے اس مسئلہ کو اسلام نے لیا ہے اور جس حکمت سے اسے حل کیا ہے وہ اسی کا خاصہ ہے۔ عام طور پر دوسروں کی مدد، ایک اخلاقی ہدایت تک محدود رکھی گئی ہے کہ کرنا چاہئے اچھی بات ہے مگر یہ اسلام کا امتیاز ہے کہ اس نے جو نظامِ حیات دیا اس میں نماز جیسی اہم ترین عبادت کے بعد زکوۃ کی صورت میں اس مسئلہ کو حل کردیا۔زکوٰۃ ادا کرنے کے چند مقاصد اور آداب ہیں جو ملحوظ خاطر رہنے چاہئیں اور اگر ان آداب کا خیال نہ رکھا جائے تو زکوٰۃ کی ادائیگی مشکوک بن جاتی ہے۔