مذہبی خبریں

   

تصوف کا مقصد دل کو پاکیزہ کرنا
مجلس مذاکرات حضرت سید شاہ راجوؒ سے مفتی خلیل احمد‘ ڈاکٹر سید رضوان پاشاہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 ۔ اگست ۔ (پریس نوٹ) خالق اور مخلوق دونوں کے حقوق اداکرنا تصوف کی بنیاد ہے۔ صرف تسبیح لے کر مسجد میں بیٹھ جائے اس کا نام تصوف نہیں ہے اور نہ دنیا میں منہمک ہوکر زندگی گذاریں اس کا نام بھی تصوف نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی خلیل احمد‘ امیر جامعہ نظامیہ نے سالانہ مجلس مذاکرات بسلسلہ عرس شریف قطب الاقطاب حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی کے ضمن میں 15؍صفر المظفربروز اتوار بعد نماز مغرب آستانہ عالیہ مصری گنج میں صدارتی خطاب میں کیا۔ حضرت امیر جامعہ نظامیہ نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ایک عورت کے بارے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف اس بنیاد پر جنت کی بشارت سنائی کہ اس نے ایک پیاسے کتّے کو پانی پلائی تھی۔ یہ بشارت اس کی نمازوں اور روزوں کی وجہہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف خدمت خلق کی وجہہ سے دی گئی۔ ’’حضرت سید شاہ راجو قتال حسینی قدس سرہ‘ کے خدمات اور تعلیمات ‘‘ پرمقالہ میں ڈاکٹر شاہ محمد ذوالفقار محی الدین صدیقی نے کہا کہ حضرت شاہ راجوؒ نے اپنی خانقاہ سے علوم حق کے دریا بہائے۔ آپ نے مریدین کی تربیت کے لئے نثر و نظم ہر دو کا استعمال فرمایا۔ طریقت کے مضامین کو آپ نے انتہائی سہل انداز میں مریدین کے ذہن نشین فرماتے۔ خصوصاً آپ سبعہ صفات پر خصوصی توجہ دیتے تاکہ سالکین کی قرب کی منزل میں آسانی سے رفعت بام تک رسائی حاصل کریں۔ مولانا مفتی محمد انوار احمد نے ’’ وقف کی شرعی حیثیت اور وقف قانون 2025ء کے نقصانات‘‘ کے عنوان پر کہا کہ دراصل اسلامی معاشرہ ایک فلاحی معاشرہ ہوتا ہے جس میں ضرورت مندوں کی مدد، مسافروں کے لئے اسباب کی فراہمی، یتیموں بیواؤں کی اعانت، اپاہجوں اور مستضعفین کی خیرخواہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان ہی مقاصد کے لئے خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی زمینیں وقف فرمائیں اور صحابہ کرام کو اس کی ترغیب دی۔ نئے قانون میں منشاء واقف کو پوری طرح نظر انداز کرکے وقف املاک کو من مانی تصرف کی اجازت دی گئی۔ مولانا شیخ سید رضوان پاشاہ قادری حیدری لااُبالی نے ’’تصوف کے بنیادی مقاصد اور ہمارا طرز عمل‘‘ پر کہا کہ تصوف کے بنیادی مقاصد میں دل کو پاکیزہ کرنا نفس کو قابو میں رکھنا اور اللہ تعالیٰ کی محبت و قرب حاصل کرنا شامل ہے۔ مولانا قاری سید شاہ ندیم اللہ حسینی نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ سرزمین ہند کو رسول اللہؐ کی عطا حضرت خواجگان خواجہ اعظم غریب نواز سیدنا معین الدین چشتی سنجری کی باکمال شخصیت ملی۔ تاریک ملک کو نورستان بنادیا اور آپ ہی کے سلسلہ ایک ذات اعلیٰ صفات حضرت بندہ نواز گیسودراز بلند پرواز سید محمد حسینیؒ کی ہے۔ جس سے دکن کا چپہ چپہ بقعہ نور اور مرہون منت ہے۔ قاری محمد عبدالعلی صدیقی کی قرأت کلام پاک سے مجلس مذاکرات کا آغاز ہوا۔ جناب محمد شفیع قادری اور قاری محمد اسداللہ شریف نقشبندی نے نعت شریف اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے منقبت پیش کی۔ ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی و قادری ‘ معتمد مجلس مذاکرات نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ سید شاہ قبول اللہ حسینی ‘ قاری سید شاہ فصیح اللہ حسینی اور جناب سید کریم الدین‘ نائب معتمد نے انتظامات کی نگرانی کی۔

تلنگانہ میں جماعت اسلامی کے نئے امیر کے انتخاب کی تیاریاں
خالد مبشرالظفرنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کے امیر جناب خالد مبشرالظفر نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ پیش کردیا اور جماعت اسلامی ہند نے باقی میعاد کیلئے نئے صدر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں جماعت کی تنظیمی سرگرمیوں کے سلسلہ میں بعض مسائل پیدا ہوئے۔ ارکان اور ارکان شوریٰ سے مشاورت کے بعد مرکزی ذمہ داران میں جناب خالد مبشرالظفر کو امارت سے استعفیٰ کی خواہش کی جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ پیش کردیا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی کی میعاد اپریل 2023 سے مارچ 2027 تک ہے۔ ایسے میں باقی میعاد کیلئے نئے امیدوار کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی ذمہ داروں نے اس سلسلہ میں شیڈول جاری کیا۔ 16 اگست صبح 9 بجے تا 17 اگست صبح 11 بجے تک جماعت اسلامی کے ارکان انتخابی پورٹل پر نئے صدر کے بارے میں اپنی رائے پیش کریں گے۔ ارکان سے آن لائین رائے حاصل کرنے کے بعد مرکزی ذمہ داران 18 اور 19 اگست کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ ارکان شوریٰ سے انفرادی ملاقات کی جائے گی اور 19 اگست کی سہ پہر شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ انفرادی اور اجتماعی رائے حاصل کرنے کے بعد نئی دہلی سے نئے صدر کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔ نئے ریاستی امیر کے انتخاب کے سلسلہ میں ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا جس کے مطابق ارکان اپنی رائے پیش کریں گے۔1

عرس شریف
حیدرآباد۔ 13 اگست (راست) شمس المفسرین سید الشیوخ حضرت سید محمد عمر حسینی قادری خلیق قدس سرہ العزیز کا عرس مبارک 14، 15 اور 16 اگست درگاہ شریف ، قادری چمن میں مقرر ہے۔ جمعرات 14 اگست کو بعد نماز عصر حلقہ ذکر سلام بحضور انور صلی اللہ علیہ وسلم و وعظ و ختم قرآن ہوگا اور بعد نماز مغرب محفل نعت اور محفل سماع مقرر ہے۔ جمعہ 15 اگست کو بعد نماز فجر حلقہ ذکر، نعت خوانی اور مولانا سید محمد اولیاء حسینی قادری مرتضی پاشاہ نبیرہ حضرت شیخ الاسلام کا وعظ ہوگا اور بعد نماز مغرب محفل سماع ہوگی۔ ہفتہ 16 اگست کو بعد نماز فجر حلقہ ذکر نعت خوانی اور مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ صبح 10 تا 11 بجے دن ختم قرآن ہوگا۔ 11 بجے دن تا قبل نماز ظہر محفل سماع مقرر ہے۔ بعد نماز ظہر خواتین کو زیارت کا موقع دیا جائے گا۔

مفتی سید ارشاد احمد تبریز قاسمی
کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 اگست (راست) جامع مسجد حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ، الحسنات کالونی، ٹولی چوکی میں 15 اگست بروز جمعہ نماز جمعہ سے قبل مولانا مفتی سید ارشاد احمد تبریز قاسمی خطاب کریں گے اور نماز جمعہ کی امامت کریں گے۔

مرکزی انجمن ماتمی گروہان کا جنرل باڈی اجلاس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : معتمد نشر و اشاعت مرکزی انجمن ماتمی گروہان غلام پنجتن کی اطلاع کے بموجب 10 اگست اتوار 4 ساعت عصر بمکان میر حیدر علی زوار عقب الاوہ سرطوق مبارک دارالشفاء زیر صدارت سید مجتبیٰ موسوی صدر مرکزی انجمن منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جلوس اربعین کے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور و خوص کیا گیا ۔ گروہان اور انجمنوں کی کثیر تعداد اس اجلاس میں شرکت کی اور اپنے مفید مشوروں سے مرکزی انجمن کو نوازا ۔ اجلاس میں انجمنوں اور گروہان نے بہ اتفاق رائے مجتبیٰ موسوی کو مرکزی انجمن کا دوبارہ صدر 3 سال کے لیے منتخب کیا ۔ مجتبیٰ موسوی کی میعاد ختم ہوچکی تھی ۔ جناب سید مجتبیٰ موسوی سابق میں الیکشن جیت کر صدر منتخب ہوئے تھے ۔ اس بار تمام انجمنوں اور گروہان نے جناب سید مجتبیٰ موسوی کی کارکردگی اور خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے دوبارہ صدر مرکزی نامزد کیا 3 سال کے لیے ۔ مجتبیٰ موسوی نے دوبارہ صدر مرکزی انجمن نامزد کرنے پر تمام گروہان اور انجمنوں کا شکریہ ادا کیا ۔۔