مذہبی خبریں

   

قومی سمینار ’’بھارت کی تعمیر وترقی میں مسلمانوں کا حصہ ‘‘
المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کا اعلان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( راست ) ۔ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے دفتر نظامت میں معہد کے زیر اہتمام مجوزہ سہ روزہ قومی سیمینار بعنوان “بھارت کی تعمیر وترقی میں مسلمانوں کا حصہ” منعقدہ شدنی 21-23 نومبر 2025 سے متعلق ارکان مجلس استقبالیہ کی ایک میٹنگ ہوئی، جس کی صدارت حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی، مولانا نے سیمینار کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ مسلمانوں کے بارے میں یہ پروپگنڈا کیا جاتا ہے کہ انہوں نے صرف ملک کو لوٹا ہے، کچھ دیا نہیں ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ تعلیم وتربیت، صحت وعلاج، تجارت وصنعت، خورد ونوش، زراعت وآب پاشی، تعمیرات اور ٹیکسٹائل میں مسلمانوں نے اس ملک کو اتنا کچھ دیا ہے، جس کا نفع آج تک ملک کو حاصل ہورہا ہے، تحقیقی مقالات کے ذریعہ اس پہلو کو اجاگر کیا جائے گا، مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کے ازالے کا موضوع بھی ضمنی طور پر اس میں شامل ہے، اس سیمینار میں 60 سے زائد تحقیقی مقالات پیش کئے جائیں گے، مقالہ نگاروں میں مسلم اہل علم ودانش کے علاوہ غیر مسلم دانشوران بھی شامل ہیں، مقالات کی پروسیڈنگ ایک مجلہ کی شکل میں اردو اور ہندی میں سیمینار کے موقع سے ہی شائع کئے جائیں گے اور اس کا انگریزی ترجمہ جلد ہی شائع کرنے کی کوشش کی جائے گی، آخری دن بعد نماز مغرب ہاکی گراؤنڈ مانصاحب ٹینک میں اجلاس عام ہوگا جس میں ریاست اور بیرون ریاست سے متعدد سرکردہ علماء ودانشوران اور قائدین کا خطاب ہوگا، واضح رہے کہ مجلس استقبالیہ کی تشکیل عمل میں آچکی ہے، جس کی تفصیل یہ ہے: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب عبد اللطیف ، ڈاکٹر عبد القدیر ، جناب ضیاء الدین نیر ، ڈاکٹر مشتاق احمد ، مولانا حافظ غوث رشیدی ، خلیل ، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ، جناب ظفر مسعود ، حافظ محمد افضل ، جناب عظیم الدین ، ڈاکٹر نظام الدین ، جناب نعیم الدین ، جناب رفعت اللہ شاہد ، مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی، مولانا محمد محبوب عالم قاسمی ، جناب عبد الجلیل خان ، مولانا محمد ارشد قاسمی، مولانا محمد خواجہ انس مسعودی، جناب اخلاق الرحمن ، مفتی اشرف علی قاسمی، مفتی شاہد علی قاسمی، مولانا ڈاکٹر محمد اعظم ندوی، مولوی کلیم الدین مسعودی، جناب زبیر احمد ، جناب اسامہ خان ، ڈاکٹر عظیم الدین ، مولانا محمد زکریا ، مولانا مرزا عثمان بیگ، جناب محمد ثاقب عثمانی آج کی میٹنگ میں اجلاس سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی نے سیمینار کا مرحلہ وار خاکہ پیش کیا، اور مولانا محبوب عالم قاسمی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری مجلس استقبالیہ نے رپورٹ پیش کی جس پر تمام ارکان نے اطمینان کا اظہار کیا اور کئی اہم تجاویز پیش کیں، جن کو بہ سرعت ممکنہ رو بہ عمل لانے کی سب نے مشترکہ طور پر یقین دہانی کرائی۔

مقابلہ منقبت سیدہ کائنات میں شرکت کی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مرکزی بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام مقابلہ منقبت سیدکائنات میں شرکت کی آخری تاریخ 31 اکٹوبر شام 8 بجے تک رہے گی ۔ شرکت کے لیے کوئی فیس نہیں ہے ۔ مقابلہ میں شرکت کے لیے اپنا پورا نام اور مکمل پتہ اور عمر کا کوئی ایک سرٹیفیکٹ زیراکس کاپی کے ساتھ دفتر بزم میلاد النبیؐ تاج منشن متصل مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں داخل کریں ۔ مقابلہ منقبت 2 نومبر اتوار 2 بجے دن مسجد ہذا میں مقرر ہے ۔۔

حضرت ابوالبرکات ؒ کا آج طرحی منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا محمد فرید الدین قادری کے بموجب ملا سلیم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام معہد برکات العلوم عربیہ کے جشن یوم تاسیس کے موقع پر بہ مناسبت عرس مبارک جانشین محدث دکنؒ ، حضرت سیدنا ابوالبرکات سید خلیل اللہ شاہ نقشبندی ؒ 7 جمادی الاولی بعد نماز عشاء معہد میں بہ شان حضرت ابوالبرکات ؒ طرحی منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ علامہ مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ، جامعہ نظامیہ سرپرستی کریں گے ۔ مولانا مفتی حافظ سید شاہ صادق محی الدین فہیم نگرانی کریں گے ۔ مولانا سید ضیا الدین نقشبندی صدارت کریں گے ۔ حضرت ڈاکٹر سید شاہ صبغت اللہ نقشبندی ، مولانا شاہ محمد خواجہ بہاؤ الدین نقشبندی ، مولانا ابوالفضل سید شان عطا اللہ نقشبندی ، مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری کی خصوصی آمد ہوگی ۔ اور مہمانان خصوصی مولانا سید شاہ عزیز اللہ نقشبندی ، مولانا سید شاہ صغیر احمد نقشبندی ، ڈاکٹر غلام محی الدین نقشبندی شرکت کریں گے ۔ مولانا محمد محسن پاشاہ قادری ناظم مشاعرہ ہوں گے ۔
مدعو شعراء کرام مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا سید شاہ مرتضی علی صوفی ، حیدر پاشاہ ، مولانا محمد نوید افروز ، مولانا محمد جلیل احمد نظامی ، مولانا سید شاہ مرتضی علی صوفی قادری حیدر پاشاہ ، مولانا محمد نوید افروز نوید ، مولانا محمد جلیل احمد نظامی ، مولانا محمد وجیہ اللہ سبحانی ، مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری ، مولانا اسد ثنائی ، جناب سردار سلیم ، جناب اکبر خان ، جناب وحید پاشاہ قادری ، جناب فاروق شکیل ، جناب محمد طیب پاشاہ قادری ، مولانا سید چندا حسینی زبیر بابا ، قاری انیس احمد ، مولانا سید شاہ انوار اللہ فائز نظامی ، مولانا محمد عثمان علی نظامی بہ طرح ’ اوج پر تھی بندگی حضرت خلیل اللہ کی ‘ اپنا طرحی کلام پیش کیے گئے ۔ مولانا حافظ محمد عبداللہ حذیفہ نقشبندی کی قرات کلام پاک اور مولانا قاری محمد فرحت اللہ شریف کی نعت شریف اور قاری محمد اسد اللہ شریف نقشبندی کی منقبت اور دعا سے مشاعرہ کا آغاز ہوگا۔ بانی ٹرسٹ قاضی ابوعبداللہ شاہ محمد اسلم جاوید قادری افتتاحی و خیر مقدمی خطاب کریں گے ۔ صدر مدرس معہد مولانا حافظ محمد خان غوری چشتی شکریہ ادا کریں گے ۔

اعراسِ شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( راست ) ۔ اعراس شریف مولانا سید شاہ محمد لطیف محی الدین القادری الموسوی الجیلانی ؒ ، مولانا سید محمد عبدالرزاق قادری الموسوی الجیلانی المعروف جعفر بادشاہ ؒ، حضرت سید عبدالباسط قادری الموسوی الجیلانی المعروف سراج بادشاہ ؒ 7 جمادی الاول بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب درگاہِ عالیہ حضرت موسیٰ قادری ؒ ، پل قدیم ، نگران کار ڈاکٹر سید شاہ محمد پاشا قادری الموسوی الجیلانی سجادہ نشین، زاویہ ، قادریہ عالیہ لطیفیہ ، سید بدرالدین حسن قادری الموسوی الجیلانی امین پاشا جانشین حضرت متین پاشا ؒ نے شرکت کی خواہش کی ہے ۔

دیانت داری اور ذمہ داری ایمان کا اہم جز :حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا بیان
حیدرآباد، 29 اکتوبر ( راست ) ۔ خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بتلایا کہ اسلام ایک ایسا کامل دین ہے جو انسان کی انفرادی، اجتماعی اور معاشی زندگی کے ہر پہلو کی رہنمائی کرتا ہے۔ مالی معاملات میں دیانت داری اور ذمہ داری کا احساس ایمان کا اہم جز ہے۔ قرض لینا بظاہر ایک عام ضرورت ہے، لیکن اس کی ادائیگی میں لاپرواہی یا تاخیر دینی اور اخلاقی لحاظ سے سخت ناپسندیدہ عمل ہے۔