مذہبی خبریں

   

Ferty9 Clinic

عرس شریف حضور خواجہ غریب نوازؒ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضور سلطان الہند حضرت خواجہ اعظم غریب نوازؒ کا عرس شریف باہتمام ایچ ای دی نظام زیر قیادت مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین خواجہ کا چھلہ 5 رجب المرجب جمعہ کو درگاہ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی سے بعد نماز مغرب صندل شریف کا جلوس برآمد ہوگا ۔ عصر تا مغرب محفل سماع ، بعدہ پیش کشی چادر گل بمزار بانی خواجہ کا چھلہ نواب زبردست خان بہادر ابوالعلائی ، واقع اندرون درگاہ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائیؒ اردو شریف عقب پتھر گٹی ، جلوس صندل درگاہ شریف سے گلزار حوض ، چارمینار ، مکہ مسجد سے خواجہ کا چھلہ مغل پورہ تقریبا 8 بجے پہونچے گا ۔ جہاں پر عہدیداران ایچ ای دی نظام صندل کا استقبال کریں گے ۔ خدمات صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ بعدہ محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ 6 رجب المرجب ہفتہ عصر تا عشاء محفل چراغاں منعقد ہوگی ۔ 7 رجب اتوار بعدنماز عصر ختم قرآن و قل شریف کی محفل پر عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
جلسہ فیضان سیدنا خواجہ غریب نوازؒ
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (راست) کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیراہتمام جلسہ فیضان سیدنا خواجہ غریب نوازؒ بروز جمعرات 25 ڈسمبر بوقت بعد نماز عشاء جامع مسجد نانا باغ، بشیر باغ منعقد ہے۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت صدارت کریں گے۔ جناب محمد علی قیصر قادری کا خطاب ہوگا۔ مولانا سید حامدالحسن کلیمی چشتی و قادری علی پاشاہ کی قرأت ہوگی ۔ جناب سید سیادت علی مظفر قادری، جناب سالم چشتی اور جناب رحیم قادری بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت اور حضرت سیدنا خواجہ غریب نوازؒ کی بارگاہ مں ہدیہ منقبت پیش کریں گے۔

زیارت قائد ملت نواب بہادر یار جنگؒ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت قائد ملت نواب محمد بہادر یار جنگ ؒ کی برسی کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ کی جانب سے قائد مرحوم کی مزار حظیرہ سیدنا حضرت بندگی میاں شاہ قاسم مجتہد گروہؒ پر اجتماعی زیارت 25 دسمبر کو 4 بجے دن زیر قیادت جناب منور خاں ( پرویز سیٹھ ) صدر مرکزی انجمن مہدویہ مقرر ہے ۔۔

خواجہ سید غیاث الدین چشتی کی صدارت میں صوفیانہ محفل قوالی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت خواجہ خواجگان خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کے عرس مبارک کے موقع پر حویلی دیوان صاحب کے دیوان خانہ خانقاہ شریف میں حضرت خواجہ سید غیاث الدین چشتی جانشین حضرت دیوان سید صولت حسین سجادہ نشین حضور غریب نواز اجمیر کی صدارت میں صوفیانہ محفل قوالی 5 رجب المرجب 26 دسمبر جمعہ کو منعقد ہوگی ۔ جس میں ہندوستان کے مشہور قوال عارفانہ کلام سنائیں گے ۔ دوپہر 3 بجے سے مغرب کی نماز تک محفل میں ہندوستان کی درگاہوں کے سجادگان ، صوفیاء ، مشائخ ، علماء شرکت کریں گے ۔ خاص طور سے خواجہ فرید نظامی ، سجادہ نشین نظام الدین اولیاء دہلی ، صوفی ذـی اللہ بنارس ، سید انفال نظامی نیازی دہلی ، صوفی جواد سلطانی رام پور ، جواد حبیبی حیدرآباد ، ڈاکٹر اعجاز خانونی گوالیار ، مولانا محمد محسن پاشاہ نقشبندی ، مولانا سید شاہ چندا حسین برادر سجادہ گوگی شریف وغیرہ شرکت کریں گے ۔ محفل کے اختتام پر شجرہ خوانی اور فاتحہ ہوگی ۔ آخر میں حضرت خواجہ سید غیاث الدین چشتی دعا کریں گے ۔۔