حضورؐ کا اثبات ِ رویتِ باری۔مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔14۔ جنوری۔ (راست) ۔ مولانا غوثوی شاہ نے آنحضورؐ کے اثباتِ رویتِ باری کے تعلق سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حدیث صحیح بخاری شریف باب کتاب التوحید میں حضرت شریک بن عبد اللہ ؓ نے حضرت انس ؓسے یہ روایت کی ہے ’’حضور ؐ جب سدرۃالمنتہیٰ تک پہنچے تو عزت والا جبار (حق تعالیٰ) حضورؐ کے یہاں تک قریب ہُوا اور جُھک آیا کہ اُس کے اور آپؐ کے درمیان دو کمانوں (قاب قوسین)یا اُس سے بھی کم کا فاصلہ رہ گیا (یعنی حضورؐ نے حقتعالیٰ کو بہت ہی قریب سے دیکھا)اسی طرح صحیح مسلم میں وارد ہے کہ حضورؐ نے فرمایا ’’رایتُ ربّی بِعینیْ و بِقَلْبیْ‘‘میں ؔنے اپنے رب کو اپنی آنکھو ں اور اپنے دل سے دیکھاہے۔اِسی طرح مشکواۃ جلد سوم کتاب الفِتن بحوالہ حدیث صحیح ترمذی یہ وارد ہے کہ قَالَ رایٰ محمد ﷺ رَبّہُ یعنی حضرت محمدﷺ نے اپنے رب کو دیکھا اِسی طرح حدیث صحیح مسلم میں مفسر قرآن حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ نے قسم کھا کر فرمایا وَقَدْرایٰ رَبَّہُ مَرَّتَینْ ‘‘بلکہ حضور ؐ نے اپنے رب کو۲ مرتبہ اپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔ اِسی طرح بحوالہ مسلم کتاب الا یمان حضور ؐ نے فرمایا اِنّی اَرٰہُ میںؔ نے اپنے رب کو دیکھا ہے۔ اسی طرح بحوالہ طبرانی ابن خزیمہ ، احمد ، مسلم،ترمذی حضورؐ نے فرمایا رایت نُوراً حضور ؐ نے اللہ کوبصورتِ نور دیکھا۔ اِسی طرح حدیث صحیح احمد ؔنے حضرت ابن عباس ؒسے یہ روایت کی ہے کہ حضور ؐ نے فرمایا۔ رایتُ رَبّی عزّوجلْ میںؔ نے اپنے رب کو دیکھا ۔الحاصل حضور ؐ کو جسمانی معراج ہوئی اور آپ ؐ نے اپنی ظاہری مبارک آنکھوں سے یقیناً اللہ تبارک و تعالیٰ کو دیکھا تب ہی تو اللہ سبحانہُ تعالیٰ نے حضورؐ کے آنکھوں کی اور دیکھنے کی تعریف اِن الفاظ میں کی مازاغؔ الْبَصَرُ وَمَاطَغیٰ اللہ کو دیکھتے وقت آپؐ کی آنکھیں نہ جھپٹی اور نہ چُندھیائی۔ اَفَتُمٰرُونَہُ علیٰ مَایَریٰ پس تم (رسول اللہ ﷺ کے) خدا کو دیکھنے پر جھگڑتے کیوںہو(قرآن)یعنی تم حضورؐ کے اللہ کو دیکھنے کا انکار کیوں کرتے ہو۔واضح باد کہ سیر عبدیت (اثباتِ رویت باری) واقعہ معراج پرلکھی گئی کتاب میں مولانا صحوی شاہ ؒ لکھتے ہیں وہی ذاتِ سُبحان اپنے اس دیدہ باز حق تعالیٰ کو اس کے استقلالِ نظر وشوق ِ دید و شوخیء نظارہ اور بالمقابل ملاحظہ پر حضورﷺ کو مازغ البصرکااعزاز عطا فرماکر خود ہی اس کی وسعت ِ نگاہ کا وَھُوَیُدْرِکُ الْاَبْصَاراور کُنَّاعَلَیْھِمْ شُھُوْد کے ساتھ ادراک فرمایا۔ الحاصل مستند حوالہ جات اور احادیث ِصحیحہ مذکورہ کی روشنی میں ہم کو ماننا ہی پڑیگاکہ حضورؐنے بموقعہ معراج خدا کو اپنی آنکھوں سے دیکھاہے اور یہی عقیدہ تمام علمائے اہلِ سنّت والجماعت کا ہے اور اسی پر ہمارا ایمان ہے۔ حضرت مولانا صحوی شاہؒ فرماتے ہیں ؎
گرد میں جسکی تھے افلاک و زمیں آج کی رات پہنچا خود عرش پہ وہ ماہِ مبیں آج کی رات
چشتی چمن میںکل سے جشن معراج النبیﷺ و عرس پیران طریقت کا آغاز
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( راست ) ۔ سالانہ سہ روزہ جشن معراج النبوی ﷺ وعرس پیران طریقت زیر سرپرستی افتخاری ملت حضرت پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری وارث سرکار وطنؒ زیر نگرانی حضرت سید شاہ شہاب الدین سہروردی افتخاری جانشین سرکار وطنؒ ، ٹورنٹو کینڈا اور زیر صدارت مولانا پیر سید کاشف اللہ حسینی افتخاری گدی نشین خانقاہ سرکار وطنؒ چشتی چمن،انتظامی امور مولانا پیر اکبر الدین ذاکر افتخاری سجادہ نشین حضرت سیدانی ماں ؒ ڈاکٹر پیر زادہ سید مرتضیٰ نقشبندی افتخاری نبیرہ سرکار وطنؒ اپنے جد اعلیٰ سرکار وطنؒ پر ان کی حیات اور کارنامہ پر 25۔26۔27رجب المرجب چشتی چمن میں منعقد ہوں گی۔ 25رجب المرجب بعد نماز عصر مراسم صندل مالی و پیشکشی غلاف مبارک چادر گل کے بعد صلوٰۃ و سلام فاتحہ خوانی ہو گی اور بعد نماز عشاقدیم مرکزی خانقاہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد سرکار وطن ؒ چشتی چمن محفل بردہ شریف منعقد ہو گی ۔ 26رجب المرجب بعد نماز عشا بارگاہ سرکاروطنؒ پر جشن معراج النبیﷺ کی مقدس محفل مجلس منعقد ہو گی۔ بعد ازاں رات 10 تا 12بجے شب خانقاہ افتخاریہ میں واقعہ شب معراج پر بیان ہو گااور درود پاک نعتیہ کلام پیش کیا جائے گا اور 12بجے رات سے نما ز تہجد تک مشاغل شب معراج ذکر و اذکار ہو گی۔27رجب المرجب بعد نماز فجر محفل قل اور عرس کی تقاریب کا اختتام عمل میں آئیگا۔
قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر جلسہ معراج النبیؐ
مولانا شمیم الزماں قادری اور مولانا محمد ہاشم اشرفی کانپوری کا خطاب
حیدرآباد۔14جنوری(پریس نوٹ) کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام جلسہ معراج النبیؐ 16جنوری جمعہ کو بعدنماز عشا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ صدارت ایم اے مجیب ایڈوکیٹ صدر کل ہند بزم رحمت عالم کریں گے۔جبکہ حافظ محمد مظفر حسین خان قادری کی نگرانی ہوگی۔مولانا سید ابو تراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی تراب شاہ قدیری سرپرستی کریں گے۔مولانا شاہ محمد احمد نقشبندی الجنیدی کا خطاب ہوگا۔مولانا محمد شمیم الزماں قادری کلکتہ اور مولانا محمد ہاشم اشرفی کانپوری (کانپور) کی خصوصی آمد ہوگی۔ مولانا سیدواجد میاں (یوپی) خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔مولانا سید احمد غوری نقشبندی ‘ مولانا خواجہ سیف اللہ سلمان سہروردی ‘مولانا مفتی صلاح الدین ‘مولانا عابد رضا مصباحی ‘حافظ شاہ خواجہ سید محمد ساجد ی احمد قادری تاجی ‘حافظ شاہ سید محمدمحمد تاج الدین ساجدی تاجی القادری اور مولانا سیف علی قادری منظری مقامی علمائے کرام کے بھی خطابات ہوں گے- جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمد تنظیر کی قرات کلام پاک سے ہوگا -سید اسد اللہ شریف ۔ محمد شفیع خان۔ عمر عبداللہ رضوی اور حافظ محمد اریب کی نعت شریف ہوگی۔ جلسہ کی نظامت مصطفی خان قادری انجام دیں گے – حافظ وقاری سید وسیم الدین احمد قادری شمیمی صدر استقبالیہ جلسہ ہوں گے-
چنچل گوڑہ کالج گراونڈ پر کل معراج النبی ؐکانفرنس
بیرونی مقررین مفتی محمد عدنان رضا قادری ، مفتی محمد ناظم رضا منظری اور مفتی ثناء اللہ قادری کی شرکت
حیدرآباد۔14 جنوری( راست ) کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی معراج النبیؐ کانفرنس کا16 جنوری بعد نمازِ عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر عمل میں آئے گا۔ کانفرنس کی قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی ، صدارت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ بیرونی مہمان مقررین کرام میںمولانا مفتی محمد عدنان رضا قادری (بریلی شریف) ۔آپ کے فن خطابت کے ڈنکے نہ صرف ہندوستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی مانے جاتے ہیں ۔ دوسرے مہمان مقرر مولانا مفتی ثناء اللہ قادری ( بریلی شریف) کے خطابات ہندوستان کی کئی ریاستوں میں مشہور و معروف ہیں ۔ آپ کے فیضانِ علمی و خطابت سے ہزارہا عاشقانِ رسول ﷺ مستفید ہوچکے ہیں ۔ تیسرے مہمان مقرر مولانا مفتی محمد ناظم رضا منظری (امروہ ،مرادآباد) ۔ منفرد خطابت کے ڈنکے ہندوستان بھر کی کئی ریاستوں جیسے بنگال ، کرناٹک ، بینگلو ر، چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش ، اُترپردیش ،اڈیشہ ، رجستھان ، گجرات ،ا تراکھنڈ کے علاوہ نیپال و دیگر ممالک میں مشہور ہیں ، نیز مقامی علماء کرام میں مولانا سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی ،مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی )، مفتی محمد فاروق رضا قادری کے بھی خطابات ہونگے ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی ، افتخار شریف ، ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر مجیب شاہد ، محمد عظیم برکاتی ، ڈاکٹر خالد غلام محی الدین قادری ، ڈاکٹر سید قمر قادری ، ڈاکٹر غوث قادری ،محمد سرشار ، جناب سید اعزاز محمد قادری شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرأت سے ہوگا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ؐ میں معروف ثناء خوانِ رسول ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ صدر استقبالیہ مرزا نثار احمد بیگ نظامی (ایڈوکیٹ) خطبہ استقبالیہ پیش کرینگے ۔ نائبین استقبالیہ جناب محمد افتخار علی ، محمد مکرم علی ، محمد عظیم ، محمد بشیر الدین ، سید ضیاء الدین توصیف ( ایڈوکیٹ) ہونگے جبکہ سید لئیق قادری اور عبدالکریم رضوی نائب معتمدین استقبالیہ ہونگے ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر وسیع تر نشستوں کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
جامعۃ المؤمنات کی مہم آؤ قرآن مجید تجوید کا امتحان
حیدرآباد 14 جنوری (راست) جامعۃ المؤمنات کی مہم آؤ قرآن تجوید سے پڑھیں کا اختتامی جلسہ 15 جنوری بروز جمعرات صبح 9/بجے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں مقرر ہے ۔ خصوصی خطاب مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل کا ہوگا ، جامعۃ المؤمنات کی مہم آؤ قرآن مجید تجوید سے پڑھیں دونوں شہروں کے علاو ہ اضلاع میں مختلف مدارس ، اسکولس، کالجس میں چلائی گئی ہے ، جس کا سالانہ امتحان 18/جنوری بروز اتوار پرچہ اول تحریری صبح 10 تا ایک بجے دوپہر اور پرچہ دوم تقریری دوپہر 2تا شام 5 بجے مقرر ہے ۔فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 16 جنوری رہے گی ۔
مسجد کا سنگ بنیاد و افتتاح
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( راست ) : جناب محمد محبوب پاشاہ قادری کے بموجب 18 جنوری اتوار کو 10 بجے دن کدری کرناٹک میں مسجد معراج النبیؐ کا سنگ بنیاد بدست مولانا سید شاہ اسحاق محی الدین قادری ناظم مدرسہ باب العلم انوار محمدی رکھیں گے اور مسجد محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کا بعد نماز ظہر کدری کرناٹک میں افتتاح عمل میں آئے گا ۔۔
جلسہ شب معراج
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( راست ) : مسجد بغدادی ، ٹیک نامپلی میں 16 جنوری بروز جمعہ نماز عشاء 9-30 بجے ہوگی ۔ بعد نماز عشاء جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ قرات کلام پاک مولانا حافظ و قاری سید عاصم نقشبندی امام و خطیب مسجد ہذا اور نعت شریف الحاج اسد اللہ شریف و جناب شفیع قادری پیش کریں گے ۔ مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی خصوصی خطاب کریں گے ۔ ۔
جشن فیضان معراج النبیؐ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام جشن فیضان معراج النبیؐ زیر صدارت مولانا پیر غلام احمد قریشی 25 رجب جمعرات بعد نماز عشاء مدرسہ برکات الحسنات مقرر ہے ۔۔
صوفی بسنت فیسٹیول : مولانا مظفر علی چشتی
حیدرآباد۔ 14 جنوری (راست) کل ہند مرکزی مجلس چشتیہ کا ایک مشاورتی اجلاس آج درگاہ حضرت شیخ جی حالیؒ میں بصدارت مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی صدر مجلس چشتیہ بضمن صوفی بسنت فیسٹیول پر غوروخوض کیا گیا جوکہ 23 جنوری حضرت شیخ جی حالیؒ اُردو شریف عقب پتھر گٹی میں منعقد ہوگا۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کل ہند مرکزی مجلس چشتیہ جو خواجگان چشت کی ولادت اعراس اور ان کی تعلیمات کو نوجوان نسل تک پہنچانے کیلئے کاربند ہے۔ اس کے علاوہ جشن حضرت امیر خسروؒ اور بسنت کا اہتمام گزشتہ ایک دہے سے زیادہ عرصہ سے منعقد کرتی ہے۔ اجلاس میں یہ طئے پایا کہ اس تقریب و بسنت کو غیرمذہب کے ماننے والے اور اکابرین کو مدعو کیا جائے اور حضرت امیر خسروؒ کی ایجاد کردہ بھائی چارہ، حب الوطنی اور گنگا جمنی تہذیب کو نئی نسل تک پہنچائے اور اس کی اہمیت کا پرزور انداز میں پیش کریں۔ اجلاس میں شریک مولانا سید فضل اللہ قادری، مولانا مفتی محمد حسن الدین، مولانا صوفی زبیر چشتی ابوالعلائی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی، مولانا سید نعیم اللہ حسینی نشین، مولانا صوفی خرم علی چشتی ابوالعلائی، مولانا سید خلیل احمد ہاشمی، مولانا محمد راشد ظفر چشتی نقشبندی، مولانا ارشد صوفی چشتی، ڈاکٹر جاوید کمال اور دیگر نے شرکت کی۔
نقارہ مبارک
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت بابا شرف الدین قبلہؒ کے عرس شریف کا آغاز نقارہ مبارک سے ہوگا ۔ 29 رجب کو بعد نماز ظہر گلزار حوض پنجہ شاہ میں جمیع پیرزادگان کی نگرانی میں ختم القرآن ہوگا ۔ قصیدہ بردہ شریف و سلام بحضور خیر الانامؐ میں گذرانا جائے گا ۔ فاتحہ خوانی کے بعد دعا ہوگی ۔ بعد مجلس کے جمیع پیرزادگان کی جانب سے جلوس نقارہ مبارک پنجہ شاہ سے نکل کر گلزار حوض چارمینار سے ہوتا ہوا براہ شاہ علی بنڈہ انجن باولی سے ہو کر جامع مسجد جنگم میٹ میں چلہ مبارک حضرت سیدنا بابا شرف الدین قبلہؒ پر توقف کرے گا پھر وہاں سے چندرائن گٹہ بارکس سے ہوتا ہوا شاہین نگر وادی ہدی سے ہو کر درگاہ شریف حضرت سیدنا شکر شاہ ولیؒ پر توقف کرے گا ۔ پھر پہاڑی شریف درگاہ پہونچ کر غلاف مبارک چادر گل و سلام بحضور ؐ گذرانا جائے گا ۔ الحاج پیر زادہ قاری سید فرید الدین سہروردی قادری گدی نشین کی دعا پر اختتام ہوگا ۔۔
