مذہبی خبریں

   

المعہدالعالی الاسلامی کا جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد۔21 جنوری (راست) مولانا مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی کی اطلاع کے مطابق ادارہ المعہد العالی الاسلامی جلسہ تقسیم اسناد و تکمیل درس بخاری شریف 24 جنوری بروز ہفتہ بعد مغرب احاطہ معہد میں منعقد ہوگا۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی و صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مہمان مقرر مولانا رضوان الدین معروفی شیخ الحدیث جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا معہد سے ملحق مدرسہ عبداللہ بن مسعود کے فارغ التحصیل طلبہ کو صحیح بخاری کا آخری درس دیں گے۔ اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید نظامی اور مولانا محمد بانعیم مظاہری مہمانان ہوں گے ۔

جشن ظہور حضرت امام حسین و
جشن حضرت ابوالفضل العباس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : اراکین انجمن الحسین کے بموجب جشن حضرت امام حسین و حضرت ابوالفضل العباس 2 شعبان کو 8 بجے شب بیت القائم پرانی حویلی میں مقرر ہے ۔ شعرائے کرام علی انجم صادق ، لیاقت حسین حر ، حسن جلال ، شبیر حیدر پرواز ، مہدی علی عابدی ، قمر عباس منظومات پیش کریں گے ۔ جناب منظر ایلیا نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ جناب سید عباس حسین ، جناب سید حیدر حسین مخصوص فضائل بیان کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا معقول انتظام رہے گا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : عرس شریف حضرت شاہ معروف شاہد اللہ فاروقی قادریؒ 23 ، 24 جنوری ٹیکمال منعقد ہوگا ۔ 23 جنوری جمعہ بعد عصر مولانا سید شاہ احمد نور اللہ حسنی حسینی قادری صندل مالی انجام دیں گے اور بعد نماز مغرب جلسہ فیضان اولیاء زیر صدارت متولی و سجادہ نشین مقرر ہے نگرانی مولانا قاضی سید شاہ احمد علی صوفی حسنی حسینی کریں گے ۔ قرات و نعت کے بعد نگران جلسہ کے علاوہ مولانا سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر قادری ، مولانا سید شاہ مصطفی سعید قادری ، مولانا سید شاہ اکبر علی صوفی محمد پاشاہ و دیگر مشائخ و علماء کے خطابات ہوں گے ۔ 24 جنوری صبح طعام بعد ظہر ختم قرآن اور بعد مغرب حلقہ ذکر و نیز بعد عشاء محفل شجرہ خوانی و محفل سماع منعقد ہوگا ۔ 25 جنوری کو صبح مجلس قل پر تقاریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

مسجد میں محفل عقد منعقد کرنا مسنون
مولانا محمد زعیم الدین حسامی کا بیان
حیدرآباد 21 جنوری (راست) معتمد سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی مسجد قدوس، بالاپور میں مسجد قباء مہدی پٹنم میں، مسجد کوچہ خطیب، پرانی حویلی و دیگر مختلف مقامات پر جلسہ ہائے شب معراج النبی ؐسے خطاب کرتے ہوئے تحریک آسان اور مسنون نکاح کے ضمن میں جاری خطابات میں کہاکہ دین اسلام میں نکاح جتنا آسان ہے دنیا کے کسی مذہب میں اتنا آسان نہیں ہے۔ حالات حاضرہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مولانا حسامی نے کہاکہ لڑکیوں کی شادیوں کے لئے جہیز اور شادی کے دن کا کھانا اور مہنگے شادی خانے وغیرہ سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے جس کی وجہ سے غریب والدین اپنی لڑکیوں کی شادیاں نہیں کرپارہے ہیں۔مولانا حسامی نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا نکاح مسجد میں کریں اور پھر مسجد ہی سے اپنے گھروں کو رخصت ہوجائیں۔ اس طرح کرنے سے شادی خانوں کا لاکھوں روپیوں کا خرچ اور تناول طعام اور بھاری بھاری اسٹیج پر خرچ ہونے والے روپئے اسراف سے بچ جائیں گے۔
ورنہ شادیوں کا یہی طریقہ چلتا رہا تو آنے والے دور میں ملت اسلامیہ کی دختران کے لئے شادی ایک سنگین مسئلہ بن جائے گا جس کی وجہ سے اسلامی معاشرہ بُری طرح متاثر ہوجائے گا۔ مولانا حسامی نے کہاکہ یاد رہے کل حساب و کتاب کے دن شادی میں اسراف کرنے والوں کو اسراف کرنے پر پوچھا جائے گا اور شرکت کرنے والوں سے اسراف والی شادیوں میں شرکت کے بارے میں پوچھا جائے گا۔

قرآن کریم کی تلاوت صحت کے ساتھ کرنے علم تجوید سیکھنا ضروری : قاری عبدالقیوم شاکر
حیدرآباد 21جنوری (راست) قرآن کریم کی تلاوت کو مکمل صحت کے ساتھ کرنے کے لئے تجوید کے علم کو سیکھنا ضروری ہے۔ نزول قرآن کریم کے بعد سے ہی اس کی تلاوت پورے حسن کے ساتھ پڑھنے کا اہتمام ہوتا رہا ہے۔ پیارے نبی ﷺ ابتدائی زمانے میں نئے ایمان لانے والوں کو خصوصی طور پر کلام الٰہی کی تلاوت کو سکھایا فرماتے۔ بعد کے زمانے میں صحابہ کرامؓ اور پھر تابعین کے دور میں بڑے پیمانے پر فن قرأت کو عام مسلمانوں تک پہنچانے کا سلسلہ چلتا رہا۔ قرآن مجید کو جن قواعد و اُصولوں کے ذریعہ تلاوت کیا جاتا ہے اس کو تجوید کہتے ہیں۔ قاری محمد عبدالقیوم شاکر بانی و صدر اقراء قرأت سوسائٹی نے اتوار کو مکہ مسجد میں قرأت و اذان کی تربیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا اور طلباء کو قرأت و اذان بھی سکھلائی۔