اللہ تعالیٰ سے ڈریں۔ ہمیں دنیا میں ڈرانے والا کوئی نہیں رہے گا
بزم رحمت عالم کا جلسہ شب قدر۔علامہ مولانا محمد توصیف رضا خان،علامہ مولانا سید نورانی میاں اشرفی الجیلانی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد-17مارچ (پریس نوٹ) علامہ مولانا محمد توصیف رضا خان نے کہا کہ ماہ رمضان کے آخری ایام کو مسلمان غنیمت جانیں اور زیادہ وقت عبادات میں گزاریں ۔ بازاروں کی رونق نہ بنیں۔ وہ بزم رحمت عالم کے مرکزی جلسہ شب قدر سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں خطاب کر رہے تھے-جلسہ کی صدارت صدر بزم جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کی ۔ مولانا توصیف رضا خان نے کہا کہ جب اللہ تبارک و تعالیٰ نے حضرت آدم کو پیدا فرمایا تو تمام فرشتوں کو حکم دیا کہ وہ حضرت آدم کو سجدہ کریں۔ تمام فرشتوں نے حضرت آدم کو سجدہ کیا تاہم شیطان نے محض اس بنیاد پر سجدہ سے انکار کر دیا کہ آدم مٹی سے بنے ہیں اور وہ آگ سے بنا ہوا ہے۔ شیطان مردود نے پروردگار عالم کے حکم کی نافرمانی کی تو اسے آسمانوں سے اٹھا کر زمین پر پھینک دیا گیا۔ فرشتوں نے عدول حکمی کے باعث شیطان کا حشر دیکھا تو اللہ کی بارگاہ میں شکر بجا لایا اور دوسرا سجدہ کیا۔ پہلا سجدہ فرشتوں نے اللہ کے حکم کو بجا لاتے ہوئے کیا تو دوسرا سجدہ اللہ کی شکر گزاری میں کیا۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کو فرشتوں کی یہ ادا اتنی پسند آئی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہر نماز میں دو سجدوں کو لازمی قرار دے دیا۔مولانا سید نورانی میاں اشرفی الجیلانی کچھوچھ شریف نے خطاب میں کہا کہ آج مسلمان اسلامی تعلیمات سے دوری کے باعث ہر سطح پر ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ آج ہم محض اسی وجہ سے مسلمان ہیں کیونکہ ہمارے باپ، دادا مسلمان ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ماہ رمضان کا مہینہ اللہ کی رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ ہے۔ شب قدر ہزار مہینوں سے افضل رات ہے۔ مولانا سید نورانی میاں اشرفی الجیلانی نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب مسلمانوں کو دیکھ کر یہود و نصارٰی ، کفار و مشرکین پر لرزہ طاری ہو جاتاتھا تاہم آج ہم خود خوف کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ مولانا نورانی میاں نے کہا کہ اگر ہم سچے اور اچھے مسلمان بن جائیں تو اچھے انسان بھی بن جائیں گے اور آخرت میں تو ہم کامیاب و کامران ہوں گے، مولانا سیداحمد غوری نقشبندی نے مسلمانوں کو دین سے وابستہ ہو جانے کی تلقین کی۔ مولانا احمد غوری نے کہا کہ خدارا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو۔ صدر بزم رحمت عالم جناب ایم اے مجیب نے کہا کہ نوجوانوں میں دینی جذبہ کو مزید فروغ دینے بزم رحمت عالم روز اول سے حتی المقدور کوششیں کررہی ہے ۔ نگران جلسہ ڈاکٹر حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا احسان عظیم ہے کہ ہمیں امت محمدیہ میں پیدا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان قریب الختم ہے ۔مسلمان ‘ آخری ایام میں زیادہ عبادت کریں ۔قاضی محمد تنظیر کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا-اسد اللہ شریف-شفیع قادری اورڈاکٹر رضا کونین نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت شریف پیش کی ۔ آخر میں قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصیٰ کی بازیابی ‘ عالم اسلام کے مسلمانوں کے تحفظ اور دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے رقت انگیز دعا کی گئی۔جی ایم معراج اورحافظ محمد ساجد قادری نے انتظامات میں حصہ لیا۔
مصری قراء کی آج چشتی چمن میں آیات قرآنی کی تلاوت مولانا پیر نقشبندی کا خصوصی خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( راست ) ۔ چار جید قرائے کرام کل چہارشنبہ18مارچ بعد نماز عصر تا مغرب مرکزی خانقاہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد سرکاروطنؒ چشتی چمن میں سالانہ جلسہ سماعت القرآن میں مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے جبکہ مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری بانی و محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کا خصوصی خطاب ہو گا،بعد ازاں مہمان قرائے کرام بارگاہ سرکار وطنؒ پر حاضری دیں گے۔ گلہائے عقیدت پیش کر نے کے بعد صلوٰۃ و سلام پیش کیا جائیگا اور خانوادہ افتخاریہ کے بزرگان دین کی مزارات پر پھول اور فاتحہ پیش کی جائے گی۔ مولانا سید کاشف اللہ حسینی بختیار افتخاری گدی نشین خانقاہ افتخاریہ اور مولانا پیر اکبر الدین ذاکر افتخاری سجادہ نشین حضرت سیدانی ماں قبلہؒ نے فرزندان توحید سے شرکت کی اپیل کی ہے۔
قرآن ہر دور میں بھٹکی ہوئی انسانیت کیلئے ہدایت ، حضور پاک کی ناموس کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمان فریضہ
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلۃ القدر کانفرنس ۔ فاضل بغداد علامہ مفتی محمد مختار الحسن بغدادی ، مفتی محمد تنویر القادری ‘ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعزحسینی قادری شرفی کے خطابات
حیدرآباد۔17/مارچ۔ ( راست ) قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی جانب سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو عطا کیا گیا ایک عظیم معجزہ ہے ۔ جس کی عظمت اور بلندی و رفعت کا عالم یہ ہے کہ رب تعالیٰ نے اس کتاب کو لاریب کہا ہے یعنی جس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں اور اس عظیم آسمانی کتاب ’قرآن پاک ٗکو رب تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر پر نازل فرمایا جنہیں رب تعالیٰ نہ رحمۃ اللعالمین کے لقب سے نوازا ، تو سوچئے اس کتاب کی عظمت اور صاحب ِ قرآن کی عظمت جس کے بارے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ۔ آج عالم اسلام میں مسلمانوں کے جو حالات ہیں وہ ہمارے سامنے ہیں ۔ ہم نے قرآن پاک کو جو اس کا حق ہے ویسے سمجھا ہی نہیں۔ قرآن کو پڑھنا ، قرآن کو سننا ، قرآن کو دیکھنا ثواب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلۃ القدر کانفرنس و تحفظ ناموس رسالت ؐ گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر علامہ مفتی محمد مختار الحسن بغدادی قادری ‘ (فاضل صدام یونیورسٹی بغداد شریف )نے اپنے خطاب میں کیا ۔محمد شاہد اقبال قادری ے مہمان مقررین کا استقبال کیا ۔ قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی اور نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ مہمانانِ خصوصی حافظ و قاری محمد انیس احمد مصباحی ازہری ‘ مولانا محمد اخلاق اشرفی ، مولانا مشتاق احمد نظامی ، مولانا ممتاز اشرفی ، مولانا شاکر اشرفی ،ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی ، جناب سید اعزاز محمد قادری ، ڈاکٹر عظمت رسول نے شرکت کی ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قراء ت کلامِ پاک سے ہوا۔ بارگاہِ رسالتمآب میں محمد داؤد قادری ، محمد صدیق رضوی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ مولانا نے کہا کہ عصر حاضر میں ہمیں قرآن کو سمجھنا اور اس پر سختی سے عمل پیرا ہونا لازمی ہے ۔ مسلمانو اپنے گھروں میں قرآن کی تعلیم کو اس قدر عام کردو کہ تمہاری نسلیں اپنا ہر کام قرآن کے حکم کے مطابق کریں ۔ علامہ مفتی محمد تنویر القادری نے کہا کہ قرآن مجید عظیم آسمانی کتاب ہے جس کو رب تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضور اکرم محمد عربی ﷺپر نازل فرمایا اور نبی پاک سے رب تعالیٰ کی محبت کی انتہاء یہ ہے کہ اسے اپنے محبوب کی زبان’ عربی ٗ میں نازل فرمایا کیا یہ رب تعالیٰ کا عظیم انعام نہیں ہے ۔ مسلمانو ! ہم نے قرآن کی عظمت کو پس پشت ڈال دیا ہے جس کتاب کو ہماری ہدایت کا ذریعہ بنایا گیا زندگی کا ایسا کوئی شعبہ نہیں جس کے متعلق اللہ پاک نے قرآن مجید میں نہ بتایا ہو ۔ للہ مسلمانو ! قرآن کی عظمت اور اس کی تعلیمات کو سمجھو ، عصر حاضر میں عالم اسلام کے مسلمانوں کے جو حالات ہیں وہ قرآن اور صاحب قرآن ﷺ سے دوری کا نتیجہ ہے ۔ جیسا کہ قرآن پاک کا واضح پیغام ہے تم ہی غالب رہو گے اگر تم مومن ہو ۔ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی نے کہا کہ رب تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں ماہِ رمضان عطا فرمایا ، جس میں بندوں کی ہدایت و اصلاح تربیت و آخرت کی تیاری اور مغفرت و نجات کا سامان ہے اور اس ماہ مبارک کی فضیلت ہے کہ اس میں قرآن کا نزول ہوا ۔ رب تعالیٰ نے اپنے محبوب پر اس ماہ کی عظیم شب یعنی لیلۃ القدر میں قرآن پاک کو نازل فرمایا ۔یہی وہ قرآن ہے جو ساری انسانیت کیلئے ہدایت کا واحد راستہ اور سرچشمہ ہے اور جو مکمل دستورِ حیات ہے۔ مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ عصر حاضر میں قوم مسلم کو قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور دوسروں تک پہونچانے کی ضرورت ہے ۔
شب قدر خیروبرکت والی رات ‘ اس میںشب بیداری قرب خدا کا ذریعہ
ڈاکٹرمفتی محمد مستان علی،مولوی وحید احمد کا خطاب
حیدرآباد 17؍ مارچ (راست)جامع مسجد حکیم شاہ کالونی فیض امام ٹولی چوکی میں جلسہ شب قدر سے خطاب میں ڈاکٹرمفتی حافظ محمد مستان علی قادری نے کہا کہ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے ، جوشخص شب قدر میں ایمان کے ساتھ ثواب کی امید میںعبادت کرتا ہے تو اس کے سابقہ گناہ بخش دئے جاتے ہیں ، حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ انہوں فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جب شب قدر ہوتی ہے تو جبرئیل فرشتوں کے جھرمٹ میں اترتے ہیں ہر اس بندہ کیلئے دعا رحمت کرتے ہیں جو کھڑے ،بیٹھے اللہ کا ذکر کررہا ہوتا ہے۔حضرت معاذ بن جبلؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا جو کوئی ان پانچ راتوں میںعبادت کرتاہے اسکے لئے جنت واجب ہوجاتی ہے ، آٹھویں ذی الحجہ کی رات (شب ترویہ)،شب عید الفطر( لیلۃ الجائزہ)، شعبا ن کی پندرویں رات(شب برأت) شب قدر ، یہ وہ رحمت والی شب ہے جس میںقرآن مجید کا نزول ہوا ، جس کا دیکھنا ،سننا، پڑھنا سب عبادت ہے۔ جناب مولوی وحید احمد ایڈوکیٹ سابقہ رکن وقف بورڈ نے کہا کہ ماہ رمضان کی نیک سعادتیں ہم سب کو نصیب ہوئی ہے یہ وہ رمضان المبارک ہے جس میں قرآن مجید کا نزول ہوا ہے،میں تمام مصلیان کرام امام ’ موذن اور حافظ جو نماز تراویح میںقرآن مجید سنائے ہیںان سب کا ممنون مشکور ہوں ۔ جلد مسجد کی جدید تعمیرو توسیع عمل میں لائی جائیگی۔اس جلسہ میں حافظ محمد نعیم الرحمن ، حافظ سید مرتضیٰ حسین، حافظ عبد الکریم ، حافظ ضمیر احمد ، حافظ آفتاب حسین نوری، محمدحفیظ الدین، قدیر احمد، محمد فیض الدین شریک رہے۔ حلقہ واجتماعی دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میںلایا گیا۔