شراب کی فروخت پر تنقید ، ترجمان پردیش کانگریس جی نرنجن کا بیان
حیدرآباد ۔12۔ مئی(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے مرکز اور ریاستی حکومتوں سے درخواست کی کہ مساجد ، منادر ، چرچس اور گردواروں کو عبادت کے لئے کھول دیا جائے۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ جی نرنجن جو سری اکنا مادنا مہانکالی مندر کے سرپرست ہیں، مزید کہا کہ ہندوستان اپنی روحانی تاریخ رکھتا ہے۔ لاک ڈاون کے نام پر طویل مدت تک عبادت گاہوں کو بند رکھنا مناسب نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضرورتیں بحال کردی گئیں ، اس کے علاوہ دکانات ، تجارتی ادارے اور خانگی دفاتر میں کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ شراب کی دکانیں کھل گئیں ، ایسے میں عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا کوئی مطلب نہیں۔ نرنجن نے کہا کہ انڈومنٹ اور وقف بورڈ کو چاہئے کہ وہ مساجد اور منادر میں سماجی فاصلہ کے ساتھ عبادت کے طریقہ کار کو طئے کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں گرین زون میں عبادت گاہوں کو کھول دیا جائے ، بعد میں مرحلہ وار طور پر آرینج اور ریڈ زون میں اجازت دی جائے۔