حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے آج اپنے بیان میں یہ وضاحت کی کہ پتنگ بازی پر کوئی امتناع نہیں۔ سوشیل میڈیا اور مختلف افراد کی جانب سے یہ اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں کہ پولیس نے سنکرانتی تہوار کے دوران دونوں شہروں میں پتنگ بازی پر امتناع عائد کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے شہریان کو احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی تھی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ حیدرآباد پولیس نے عوام سے اپیل کی تھی کہ پتنگ بازی سے دیگر فرقوں یا مذہب کے افراد کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچیں، جبکہ اس بات کی بھی اپیل کی گئی تھی کہ پتنگ بازی کے دوران بالخصوص نوجوان احتیاط برتیں کیونکہ پتنگ حاصل کرنے کیلئے سڑکوں پر اپنی جان کو جوکھم میں ڈال دیتے ہیں۔ پتنگوں کا تہوار ’سنکرانتی‘ ہے اور نوجوان اسے روایتی جوش و خروش سے منائیں۔