بی جے پی تمام مفت اسکیمات کو برخاست کرنے پر زور دے رہی ہے
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ذات پات مذہب سے بالاتر ہو کر ہر غریب ان کا رشتہ دار ہے ۔ میدک میں 500 ڈبل بیڈ روم مکانات مستحق افراد میں تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں مکانات کی تقسیم کرپشن کا شکار تھی ۔ عہدیداروں کے اطراف و اکناف چکر لگانا پڑتا تھا ۔ تاہم ٹی آر ایس حکومت نے ایک روپیہ خرچ کئے بغیر غریب عوام میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کررہی ہے ۔ اس طرح کی ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرنے کی اسکیم بی جے پی اور کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں نہیں ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں غریب عوام کو مکانات تقسیم نہیں ہوئے اور نہ ہی غریب عوام کی ترقی ہوئی ہے ۔ مگر کانگریس قائدین کی ترقی ہوئی ہے ۔ ماضی میں حاصل ہونے والے 200 روپئے کے وظیفہ کو چیف منسٹر کے سی آر نے بڑھا کر 2016 روپئے کردیا ہے ۔ ضلع میدک میں 6 لاکھ افراد کو ماہانہ آسرا پنشن حاصل ہورہا ہے ۔ مزید نئے 21 ہزار عوام کو آسرا پنشن منظور ہوا ہے ۔ میدک میں نیا ایم سی ایچ ہاسپٹل قائم کیا گیا ہے ۔ غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لیے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیمات کے تحت چیکس جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو مفت اسکیمات کو برخاست کردیا جائے گا ۔ بی جے پی نے کارپوریٹ اداروں کے 10 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض معاف کردئیے ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے بی جے پی پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سب انسان ہیں مذاہب علحدہ ہونے کے باوجود ہم سب کے رگوں میں لال خون دوڑ رہا ہے ۔ ذات پات مذاہب سے بالاتر ہو کر غریبوں کی مدد کرنے والی حکومت کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں تمام مذاہب کی ترقی و بہبود کے لیے ذمہ دارانہ کام کررہے ہیں ۔۔ ن