حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) عاشق سے شادی کیلئے مذہب تبدیل کرنے والی ایک خاتون اچانک لاپتہ ہوگئی۔ ضلع وقارآباد کے کلکا چرلہ میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں رضوانہ عرف ( شرویہ ) کی تلاش جاری ہے۔ شرویہ گذشتہ روز شوہر سریدھر کے فون پر مسیج کرنے کے بعد لاپتہ ہوگئی۔ مسیج اور حالات کے مطابق ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ شرویہ اپنی مرضی سے چلے گئی لیکن کہاں گئی اور 8 سال کے بعد اس خاتون کے اس اقدام اور اچانک لاپتہ ہونے پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ سریدھر دراصل حیدرآباد میں اپنی بیوی رضوانہ عرف شرویہ اور ایک پانچ سالہ بچہ کے ساتھ رہتا تھا۔ 10 دن قبل وہ اپنے آبائی مقام کلکا چرلہ آیا تھا۔ اس کی والدہ کی صحت ناساز ہے اور وہ والدہ سے ملاقات اور خدمت کی غرض سے آیا تھا۔23 جنوری کو شرویہ نے سریدھر کا گھر چھوڑ دیا اور فون پر مسیج دے دیا کہ وہ گھر چھوڑ کر جارہی ہے۔ لہذا وہ اپنے بچہ کی اچھی طرح دیکھ بھال کرلے۔ اس کے بعد خاتون کا فون بند آنے لگا۔ شوہر سریدھر نے کئی مرتبہ رابطہ کی کوشش کی لیکن فون مسلسل بند آرہا تھا جس کے بعد اس نے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے دریافت کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت کیا۔ سریدھر اور رضوانہ کی 8 سال قبل شادی ہوئی تھی ۔ رضوانہ نے شادی کے وقت اپنا مذہب اور نام تبدیل کردیا تھا اور وہ رضوانہ سے شرویہ بن گئی ۔ یہ دونوں شادی کے بعد حیدرآباد میں رہنے لگے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ع