مذہب خطرے میں کہنے والوں کی پارٹی خطرے میں:رتیش

   

ممبئی ۔ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات قریب ہیںاور تمام پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اداکار رتیش دیش مکھ اپنے چھوٹے بھائی اورکانگریس کے امیدوار دھیرج دیش مکھ کے لیے انتخابی مہم میں مصروف ہیں ۔ بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رتیش دیش مکھ نے کہا، جو لوگ کہتے ہیں کہ مذہب خطرے میں ہے اصل میں ان کی پارٹی خطرے میں ہے اور وہ اپنی پارٹی اور خودکو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اداکار رتیش دیش مکھ اپنے بھائی دھیرج کی انتخابی مہم کے لیے لاتور پہنچے۔ کانگریس نے لاتور سے دھیرج دیشمکھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی نے ان کے خلاف رمیش کراد کو میدان میں اتارا ہے۔ اپوزیشن پارٹی پر شدید تنقیدکرتے ہوئے رتیش دیشمکھ نے مزید کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں اور انہیں نوکریاں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بالی ووڈ اداکار نے کہا کسانوں کو ان کی پیداوار کی اچھی قیمت نہیں مل رہی ہے۔ان مسائل پر بات نہیں ہوتی ۔