حکومت کا نقطہ نظر سیکولر ہونا چاہیے‘ چیف منسٹر ہماچل پردیش کا بیان
نئی دہلی 02 اگست (یواین آئی) ہماچل پردیش کے چیف منسٹرسکھویندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ مذہب ذاتی عقیدے کا معاملہ ہے اور حکومت کا نقطہ نظر سیکولر ہونا چاہیے جس میں ہر مذہب کا احترام کیا جانا چاہیے اور ملک میں امن اور ہم آہنگی کی قدیم روایات کو برقرار رکھا جانا چاہیے ۔سکھو نے ہفتہ کو وگیان بھون میں کانگریس کے محکمہ قانون، انسانی حقوق اور اطلاعات کے حق (آر ٹی آئی) کی طرف سے منعقدہ قومی کانفرنس میں آئینی چیلنجز: تناظر اور راستہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی اور اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سب ہی دھرم سدبھاؤ کے نظریے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں بھائی چارے کا جذبہ مضبوط ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہر مذہب کا احترام کیا جاتا ہے اور ملک کا تنوع ہی ملک کی طاقت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی مذہبی رواداری کیلئے جانے جاتے ہیں اور ان اقدار کی عدم موجودگی میں معاشرے میں تشدد اور تنازعات کے حالات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب لوگوں کو جوڑتا ہے اور مذہب کو لوگوں کو تقسیم کرنے کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔ مذہب کو سیاست سے الگ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے ۔پروگرام میں راہول گاندھی، سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ، ڈاکٹر ابھیشیک سنگھوی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات پیش کئے ۔