عوام سے ریونت ریڈی کی اپیل، آرمور اور نظام آباد میں کانگریس کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذہب کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کو ناکام بنائیں اور بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو لوک سبھا چناؤ میں شکست دیں۔ چیف منسٹر نے آج آرمور اور نظام آباد میں پارٹی امیدوار جیون ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے روڈ شو اور کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ انہوں نے بی جے پی پر انتخابی مہم کو مذہبی رنگ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بھگوان رام کے نام پر بی جے پی ہندوؤں کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان مندر میں ہونا چاہیئے جبکہ عقیدت دل میں ہو اور حقیقی ہندو کا یہی ایقان رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے فرقہ وارانہ سیاست پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نظام آباد کے عوام نے بی آر ایس اور بی جے پی کو ایک ، ایک مرتبہ موقع دیا۔ اس مرتبہ کانگریس امیدوار کو موقع دیا جائے تاکہ کسانوں کے مسائل حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی اروند نے ہلدی بورڈ کے قیام کیلئے بانڈ پیپر پر وعدہ کیا تھا لیکن آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ نظام آباد میں شوگر فیکٹریز کے احیاء کیلئے بی آر ایس حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی اور شکر کے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔ ڈی اروند نے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے اندرون پانچ یوم ہلدی بورڈ کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں کسانوں کی ابتر صورتحال ہے اور بی آر ایس اور بی جے پی نے ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کابینی سب کمیٹی قائم کرتے ہوئے شکر کے کاشتکاروں کو 47 کروڑ کے بقایا جات کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 500 روپئے فی کنٹل دھان پر بونس کی ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرضہ جات بہرصورت معاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بندھو اسکیم کی امدادی رقم کی اجرائی کا آغاز ہوچکا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے روک لگادی ہے۔ جیون ریڈی حقیقی معنوں میں کسان ہیں اور وہ کسانوں کے مسائل بہتر طور پر حل کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی نے کانگریس کو شکست دینے کیلئے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ دونوں پارٹیوں کو شکست دیتے ہوئے کسان اپنے مسائل کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔1