کانگریس کے استحکام کیلئے سپاہی کی طرح کام کرنے ہر کارکن کو مشورہ‘ نرمل میں ڈی سی سی اجلاس سے طاہر بن حمدان کا خطاب
نرمل۔ 5؍اپریل (جلیل ازہر کی رپورٹ)۔ کانگریس پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے ملک کے آئندہ وزیراعظم راہول گاندھی کو دیکھنا ہے تو ہمیں پوری شدت کے ساتھ دیہی سطح سے شہری سطح تک پارٹی کے لئے ایک سپاہی کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے کہ نتیجہ خواہشوں کا نہیں، کوششوں کا نکلتا ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ ہم اپنی کوششوں کو تیز کردیں۔ ان خیالات کا اظہار صدرنشین اُردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ جناب طاہر بن حمدان نرمل کی ایک ہوٹل میں منعقدہ ڈی سی سی کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت صدر پردیش کانگریس ریاست تلنگانہ مہیش کمار گوڑ کررہے تھے۔ ضلع نرمل کی نوتشکیل شدہ کمیٹی کے عہدیداروں کو سرٹیفکیٹ کی تقسیم اس اجلاس میں مہیش کمار گوڑ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ جناب طاہر بن حمدان نے نئی کمیٹی کے تمام عہدیداروں کو عہدوں کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو اور بھی زیادہ مستحکم بنانے کے لئے اپنے اپنے عہدوں سے اِنصاف کرتے ہوئے عوام کے درمیان جائیں اور حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں سے واقف کروائیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت اور راہول گاندھی کی سرپرستی میں ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات میں پارٹی کی کارکردگی کو لے کر اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے۔ آج ریاست ہی نہیں، سارے ملک میں فرقہ پرستی کے خلاف اگر کوئی آواز اٹھا رہا ہے تو وہ صرف اور صرف کانگریس پارٹی ہی ہے۔ ہمیں پارٹی کے لئے ایک سپاہی کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے بلکہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اچھے دنوں کے لئے بُرے دنوں سے لڑنے کے لئے تیار ہوجائیں۔ سارے ملک میں عوام کو سبزباغ دکھاکر بی جے پی نے غریب عوام کو نظرانداز کرتے ہوئے چند مٹھی بھر سرمایہ داروں کی کٹھ پتلی بن گئی ہے بلکہ نفرت کے ماحول کو ہوا دیتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر انسانیت کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے فرقہ پرستی کے زہر کو عام کیا جارہا ہے۔ ایسے ماحول میں راہول گاندھی نے نفرت کی دکانوں کو بند کرتے ہوئے محبت کے بازاروں کو عام کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ان کی اس تحریک کو ہندوستان کے عوام کی اکثریت کی تائید حاصل ہے۔ کانگریس نے اقتدار کی ہوس میں کبھی بھی فرقہ پرستی کا ساتھ نہیں دیا۔ عوامی خدمت کانگریس کا نصب العین رہا ہے جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی صرف اور صرف حصول اقتدار کی خاطر مذہب کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے۔ ان کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں ابھی سے کمربستہ ہونے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، حلقہ اسمبلی نرمل انچارج کے سری ہری راؤ، سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری، سابق رکن اسمبلی مدہول نارائن راؤ پٹیل اور دیگر موجود تھے۔