سیاست ہمیشہ دھرم کے ساتھ ہی چلتی ہے ۔ بی جے پی کے ورکنگ صدر کا خطاب
ودودرہ 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مذہب کو عوام کی رہنمائی کرنے والا ضابطہ اخلاق قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے ورکنگ صدر جے پی نڈا نے آج کہا کہ مذہب کے بغیر سیاست بے معنی ہے ۔ یہاں سوامی نارائن فرقہ کے پیرووں سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے مزید کہا کہ سیاست کو ہی مذہب کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے ۔ نڈا نے کہا کہ ’’ سماج میں بار بار یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ سیاست کا دھرم ( مذہب ) سے کیا تعلق ہے ۔ میرا یہ ماننا ہے کہ سیاست ’ مذہب کے بغیر بے معنی ہے ۔ اس کے کوئی معنی نہیں ہوتے ۔ سیاست ہمیشہ دھرم کے ساتھ چلتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کا مطلب ہے ضابطہ اخلاق ۔ دھرم کا مطلب ہے کہ کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا چاہئے ۔ دھرم کا مطلب ہے کہ کیا ضروری ہے اور کیا نہیں ہے ۔ اور اس لئے دھرم کی سب سے بڑی ضرورت ہے تو وہ راج نیتی میں ہی ہے ۔ مسٹر نڈا نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ہی اس طرح کی مثبت سوچ کے ساتھ کام کرتی ہے اور جو ملک اور سماج کیلئے اچھا ہو وہی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی مخالفتین منفی مہم کے ساتھ وزیر اعظم کو روکنا چاہتے ہیں وہ اور بھی زیادہ توانائی کے ساتھ ابھرتے ہیں اور ترقی کے سفر میں ہر ایک کو ساتھ لیتے ہیں۔ مسٹر نڈا نے بی جے پی حکومت کی کئی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ آیوشمان بھارت ‘ پانچ لاکھ ایل پی جی کنکشن کی فراہمی والی اجالا اسکیم اور دوسری اسکیمات کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ رپورٹ میں واضح ہوا ہے کہ ملک میں جنگلات کے علاقہ میں اضافہ ہوا ہے ۔
