سی پی آئی سٹی یونٹ کی کانفرنس، سی وینکٹ ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 فبروری (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا گریٹر حیدرآباد یونٹ کی سٹی کانفرنس منعقد ہوئی۔ نگرانی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کی ۔ جنرل سکریٹری ای ٹی نرسمہا کے علاوہ ایس اے منان اوردیگر بھی موجود تھے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے مرکزی او ریاستی حکومتوں کو ان کے آمرانہ رویہ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہو ںنے کہاکہ ملک میں بڑھتی بے روزگاری‘ جی ڈی پی میںگراوٹ جیسے مسائل کا حل تلاش کرنے کے بجائے مذہب کی بنیاد پر شہریت کی فراہمی اور این پی آر و این آر سی جیسے قوانین کا نفاذ عمل میںلایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناکامیو ں او رکوتاہیوں پر سے توجہہ ہٹانے کے لئے ملک کی عوام کومذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایسے حالات میںکمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قائدین اورکارکنوںپر زور دیا کہ وہ علاقائی سطح پر مرکزی او رریاستی حکومتوں کے ناپاک عزائم کے متعلق گھر گھر جاکر عوام میں شعو ربیداری مہم چلائیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مذہب کے نام پر ملک کی تقسیم کوہرگز برداشت نہیںکرسکتی ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ حکومت کے سیاہ قوانین کے خلاف لوگ سڑکوں پر اتر گئے ہیںمگر حکومت کے ذمہ داران ایک انچ پیچھے نہیںہٹنے کی بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کا غرور اورتکبر کبھی بھی ختم ہوجائے گا ۔چاڈا وینکٹ ریڈی نے سٹی کیڈر پر زوردیاکہ وہ گھر گھر جائیں اور حکومت کی دشمن پالیسیوں کے متعلق عوام میںشعور بیدار کریں۔ سی پی آئی سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ پولیس مرکز کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ پرامن احتجاج کو روکنے اور اجازت کو منسوخ کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سی پی آئی کو اب تک ایک بھی پروگرام سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف کرنے کی اجازت نہیںدی گئی ہے۔ غیر ضروری گرفتاریوں کے ذریعہ خوف کاماحول پیدا کرنے کی پولیس کوشش کررہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ پولیس کے ایسے رویہ کو سی پی ائی ہرگز برداشت نہیںکرے گی ۔ جمہوری اور پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے جس کو پولیس ظلم وجبر کے ساتھ چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔