رباط۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی مراقش میں چہارشنبہ کو ایک دریا کا پشتہ ٹوٹ جانے سے پانی ایک گائوں میں داخل ہوگیا اور بڑھتے بڑھتے ایک ایسے میدان تک پہنچ گیا جہاں فٹ بال کا میچ کھیلا جارہا تھا۔ پشتہ ٹوٹنے سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جس میں سات افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب تارودنت خطہ میں آٹھ ایسے افراد جو چینجنگ روم میں پناہ لیے ہوئے تھے، پانی کے شدید بہائو میں بہہ گئے کیوں کہ اس علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔ اس موقع پر ایک 64 سالہ عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے اپنی تمام زندگی میں اتنی شدید بارش اور سیلاب نہیں دیکھا۔ دوسری طرف عہدیداروں نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے اور جو لوگ محتلف مقامات پرپھنسے ہوئے ہیں انہیں راحت پہنچائی جارہی ہے۔
