پنالٹی شوٹ آؤٹ میں افریقی ٹیم کی 3-0 سے کامیابی
دوحہ : مراقش نے سابق ورلڈ چمپئن اسپین کو آخری 16 کے راؤنڈ میں پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعہ شکست دے کر قطر فیفا ورلڈ کپ سے باہر کردیا ہے۔ آج رات کھیلے گئے مقابلے میں دونوں ٹیموں نے معمول کے 90 منٹ کے دوران گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن دونوں کو اضافی 30 منٹ میں بھی کوئی کامیابی نہیں ملی ۔ چنانچہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کا طریقہ اختیار کرنا پڑا جس میں مراقش نے اپنے تینوں پنالٹی کک کو گول میں تبدیل کیا جبکہ اسپین نے تینوں مواقع ضائع کئے۔ مراقش کی طرف سے اسپینی نژاد اشرف حکیمی نے فیصلہ کن اسپاٹ کک کو گول میں تبدیل کیا جس کے ساتھ پوری ٹیم خوشی سے اُچھل پڑی۔ کوارٹر فائنل میں رسائی پر سارے مراقش میں جشن کا ماحول بن گیا۔