ممبئی : قائد حزب اختلاف وجے بدیٹیوار نے آج مہاراشٹرا اسمبلی میں کہا کہ مراٹھا اور او بی سی برادریوں کو انصاف فراہم کرنے کا کام ایکناتھ شندے حکومت کو کرنا چاہئے ۔ حکومت کو 206 ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ۔ اگر شندے حکومت فیصلے نہیں کر پاتی تو پوری حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے ۔ چہارشنبہ کو اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے انل ستم نے کہا کہ اپوزیشن مراٹھا اور او بی سی کے درمیان تنازعہ بڑھا رہی ہے ۔ اس وجہ سے اپوزیشن نے منگل کو ریاستی حکومت کی طرف سے منعقدہ آل پارٹی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اپوزیشن کو مراٹھا اور او بی سی طبقہ کے ریزرویشن کے تعلق سے اپنا رول واضح کرنا چاہیے ۔ اس کے بعد بی جے پی ایم ایل اے آشیش شیلر نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے کہا تھا کہ وہ آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کریں گے لیکن اچانک اپوزیشن نے اپنا رول بدل دیا اور اپوزیشن لیڈروں نے آل پارٹی میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔ اپوزیشن اسمبلی میں بتائے کہ کس کی کال ملنے پر اپوزیشن نے اپنا کردار تبدیل کیا۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈر بدیٹیوار نے کہا کہ یہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے ہے جس نے او بی سی اور مراٹھا برادری کے درمیان تنازعہ پیدا کیا ہے ۔ اس کے بعد بی جے پی ممبران اسمبلی نے آڈیٹوریم میں ہنگامہ شروع کر دیا۔ جس کے بعد سپیکر نے اسمبلی کا کام تین بار ملتوی کر دیا۔بعدازاں بدیٹیوار نے ودھان بھون میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ شندے حکومت نے او بی سی برادری اور مراٹھا برادری کو یقین دلاتے وقت اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔ حکومتی وزراء نے الگ الگ اعتماد میں لے کر بات چیت کی اور یقین دہانیاں کروائیں۔ اس وقت قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس جاری ہے ۔ حکومت نے جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ آل پارٹی اجلاس میں نہیں بلکہ اسمبلی میں لینا چاہیے ۔ حکومت کی طرف سے دی گئی یقین دہانیوں کو پورا کرنے سے کس چیز نے روکا ہے ؟ حکومت اب جھوٹ بول رہی ہے ۔