ممبئی: مہاراشٹرا حکومت نے مراٹھا برادری کو تعلیمی میدان میں 12 فیصد اور سرکاری ملازمتوں میں 13 فیصد دئیے گئے ریزرویشن پر سپریم کورٹ کی جانب سے لگائی گئی عبوری روک کے خلاف داخل کی گئی عرضداشت کی سماعت سے قبل ماہر وکلاء کا ایک پینل تشکیل دیا ہے جو 12 دسمبر سماعت کی تاریخ سے قبل اپنا موقف موثر انداز میں تیار کر لیگا۔ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے مراٹھا کوٹہ کے چیئرمین و وزیر اشوک چوان نے بتلایا کہ ، مہاراشٹرا حکومت نے آج پانچ وکلاء پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جو مراٹھاکوٹہ کے لئے متحرک تنظیموں اور سماجی تنظیموں سے مشورے جمع کریگی جس کا مجوزہ سماعت کے دوران استعمال کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ مراٹھا برادری سے تعلعق رکھنے والے افراد، ماہرین اور تنظیمیں وکلاء کی اس پانچ رکنی رابطہ کمیٹی کے روبرو اپنی تجاویز پیش کر سکتے ہیں نیز تجاویز کا مطالعہ کرنے کے بعد وکلاکا پینل عدالت عظمیٰ میں ریاستی حکومت کی نمائندگی کرنے والے وکلا کو ان کی رپورٹ پیش کریگا جو سماعت کے دوران مدد گار ثابت ھو گی۔