مراٹھا ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام کے خلاف گلبرگہ میں احتجاج

   

گلبرگہ : کرناٹک میںمراٹھا ڈیولوپمینٹ بورڈ قائم کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلہ کے خلاف ہفتہ کے دن گلبرگہ میں کنڑا تنظیموںکے ارکان اور عہدہ داران نے احتجاج کیا ۔اس ضمن میںکرناٹک کی کنڑاتنظیموںکی جانب سے جو کرناٹک بند کا اعلان کیا گیا تھا اس کا ضلع گلبرگہ کے علاوہ دیگر اضلاع یادگیر ، رائچور، بیلگام اور بلاری وغیرہ میں کوئی خاص اثر محسوس نہیںکیا گیا ۔ گلبرگہ میںپولیس نے 50کنڑا تنظیموںکے احتجاجیوںکوگرفتار کرلیا ۔ شہر گلبرگہ میںعام زندگی پر اس کرناٹک بند کا کوئی خاص اثرنہیں پڑا۔تمام دوکانیں، بازاراور تجارتی ادارے کام کر رہے تھے ۔بسوں، آٹو رکشائوں اور ٹرینوںوغیرہکی آمدو رفت معمول کے مطابق تھی ۔ کنڑا تنظیم ہتی نی گالا وکوٹا کے ارکان سردار پٹیل چوک پر جمع ہوگئے تھے اور وہ ریاستی حکومت و چیف منسٹرکے خلاف نعرے بلند کرنے کے ساتھ ساتھ نو تشکیل شدہ مراٹھا ڈیولوپمینٹ بورڈ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ان احتجاجیوںکاکہناتھاکہ اس بورڈکے قیام سے کنڑا زبان کے مقابلہ میں مراٹھی زبان کی ترقی کو ترجیح حاصل ہوگی ۔ احتجاجیوںکاکہنا تھا کہ ریاستی حکومت نے مراٹھاڈیولوپمینٹ بورڈ کے لئے 50کروڑ روپئے مختص کرکے دراصل یہ آئیندہ انتخابات کے لئے اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے ۔اس موقع پر احتجاجیوںنے چیف منسٹریڈی یو راپا کا پتلا جلانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسے ناکام بنادیا ۔