اورنگ آباد۔ مہاراشٹر کے ضلع مراٹھواڑہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 5659 نئے کیسیس سامنے آئے اور 139مریضوں کی موت ہو گئی۔ یہ جانکاری طبی افسران نے دی ہے ۔ تمام ضلع ہیڈکوارٹر سے یو این آئی کے ذریعے یکجا کیے گئے تفصیلات کے مطابق علاقے کے آٹھ اضلاع میں سے لاتور سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں کورونا کے 889نئے کیسیس سامنے آئے اور 32افراد کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد اورنگ آباد میں 988 افراد کے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی اور 26 مریض ہلاک ہوئے ، پربھنی میں 620 نئے کیسیس اور 23 افراد کی موت، بیڈ میں 1314 نئے کیسز درج کیے گئے اور 29 افراد کی موت ہوئی ، ناندیڑ میں 568 نئے کیسیس اور 15 مریضوں کی موت، جالنا میں 668 نئے کیسیس درج کیے گئے جبکہ 10افراد کی موت ہو گئی ۔ عثمان آباد میں 460نئے کیسیس سامنے آئے اور8 مریضوں کی موت ہوئی۔ اسی طرح ہنگولی میں 132نئے کیسز اور چھ افراد لقمہ اجل بنے ۔ دریں اثنا گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست بھر میں کووڈ ۔ 19 کے 54،022 نئے کیسیس درج ہوئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 49،96،758 ہوگئی۔ جبکہ 898 مریضوں کی موت ہوجانے سے اموات کی تعداد 74،413 ہوگئی ہے ۔ریاست میں 37،386 مریض بازیاب ہوئے ہیں جس کے بعد ٹھیک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 42،65،326 ہوگئی ہے ۔