مراٹھواڑہ یوم آزادی تقریب او بی سی احتجاج سے وزیر اعلیٰ فڑنویس کی تقریر میں خلل

   

اورنگ آباد ، 17 ستمبر (یو این آئی) 17 ستمبر 2025 کو ’’مراٹھواڑہ مکتی سنگرام‘‘ مراٹھواڑہ لبریشن ڈے کی تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اپنی تقریر کے دوران ایک نمایاں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا، جب او بی سی کارکنوں نے ریزرویشن کے مسائل پر احتجاج کیا۔ یہ واقعہ شہیدوں کی یادگار کے قریب سدھارتھ گارڈن میں منعقدہ 78 ویں مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دیوس کی تقریب میں پیش آیا، جہاں صبح 9 بجے روایتی پرچم کشائی کے بعد وزیراعلیٰ فڑنویس مرکزی خطاب کرنے والے تھے ۔ اس موقع کو، جو عام طور پر اتحاد کا جشن ہوتا ہے ، غیر متوقع مظاہروں نے متاثر کیا اور ماحول میں تناؤ پیدا ہوگیا۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اپنی تقریر شروع کی، اچانک کئی او بی سی کارکنان کھڑے ہوگئے اور نعرے لگانے لگے ۔ پنڈال میں افراتفری مچ گئی۔ مظاہرین نے ’’او بی سی ور اننیائے کرناریا سرکار چا دھکار‘‘ (اوبی سی کے ساتھ ناانصافی کرنے والی حکومت کی مذمت) کے نعرے لگائے ، حیدرآباد گزٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور اس فیصلے کو او بی سی برادری کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔