مرتضی رکن پارلیمنٹ منتخب

   

ڈھاکہ ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرف مرتضی نے اپنے ملک کے عام انتخابات میں بڑی کامیابی درج کی ہے اور وہ اب رکن پارلیمنٹ بن گئے ہیں۔ انہوں نے نریل ۔2 نشت پر 96 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور یکطرفہ جیت اپنے نام کی۔ مشرف مرتضی کو 274418 ووٹ ملے جبکہ ان کے قریبی حریف کو صرف 8006 ووٹ ہی ملے۔ مشرف مرتضی عوامی لیگ کے حصہ ہیں۔ اس پارٹی نے ملک کے عام انتخابات میں تیسری مرتبہ جیت حاصل کی ہے۔ وہ اپنے ملک میں رکن پارلیمنٹ بننے والے پہلے فعال کرکٹر ہیں۔ مشرف مرتضی نے 22 دسمبر کو مہم شروع کی تھی۔ یہ دیگر امیدواروں کے مقابلہ میں کافی تاخیر سے شروع کی گئی انتخابی مہم تھی۔ وہ عضلات میں جکڑن کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹیم کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نہیں کھیلے تھے لیکن اب وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ پر توجہ مبذول کریں گے۔ بی پی ایل ٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ پانچ جنوری کو شروع ہورہا ہے وہ اس ٹورنمنٹ میں سابق چمپئن رنگپور رائیڈرس کے کپتان ہیں۔ بی پی ایل کے بعد بنگلہ دیش کو نیوزی لینڈ کا دورہ تین میچوں کی ونڈے سیریز اور تین میچوں کی ٹسٹ سیریز کیلئے کرنا ہے۔ اس کے بعد وہ ورلڈ کپ 2019 کو مدنظر رکھتے ہوئے آئرلینڈ میں سہ رخی سیریز کھیلیں گے۔