پریس کلب میں راؤنڈ ٹیبل اجلاس، ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) ملک میں مردم شماری کی جاریہ مہم میں او بی سی طبقات سے ناانصافی کے مسئلہ پر سوماجی گوڑہ پریس کلب میں راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد ہوا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدارت کی۔ شاد نگر کے رکن اسمبلی اور پردیش کانگریس کمیٹی او بی سی ڈپارٹمنٹ کے صدر نشین وی شنکر، سابق آئی اے ایس عہدیدار چرنجیوی، سابق وزیر سرینواس گوڑ، تلنگانہ کی مختلف بی سی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور او بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا۔ خیریت آباد ضلع کانگریس کے صدر ایم روہت، لکشمن یادو، دیاکر گوڑ، سریکانت گوڑ اور دوسروں نے بھی مباحث میں حصہ لیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے نتیجہ میں عام آدمی کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایس سی، ایس ٹی طبقات سے ذات پات سے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ او بی سی طبقات کے لئے اس طرح کی سہولت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ او بی سی طبقات کی اکثریت غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرتی ہیں لہذا مردم شماری میں ان کی تفصیلات بھی حاصل کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں ایس سی، ایس ٹی کے ساتھ او بی سی طبقات کی تفصیلات کے کالم کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو کامیابی کے لئے ہندو ووٹ بینک کی فکر ہے جبکہ او بی سی طبقات سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔ اجلاس میں مرکزی حکومت سے علیحدہ او بی سی وزارت کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مردم شماری کا عمل انتہائی ناقص ہے۔ او بی سی طبقات میں شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ او بی سی طبقات کی آنے والی نسلوں سے انصاف کے لئے مردم شماری کے نقائص کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ 1؍ F؍M