مردم شماری میں غلط معلومات کی فراہمی پر قانونی کارروائی : جی نرنجن

   

صرف بی سی طبقات نہیں بلکہ تمام طبقات کا سروے، کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں
حیدرآباد یکم۔نومبر (سیاست نیوز)تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن نے کہا کہ ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا کام منظم انداز میں پورا کیا جائے گا اور مردم شماری میں خامیوں کی گنجائش نہیں رہے گی۔ کریم نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ مردم شماری کے دوران غلط معلومات کی فراہمی اور غلط معلومات درج کرنے دونوں صورتوں میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نرنجن نے کہا کہ مردم شماری کے بارے میں عوامی رائے جاننے کیلئے کمیشن متحدہ اضلاع کا دورہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کی تنظیموں کی جانب سے تجاویز حاصل کی جارہی ہیں۔ نرنجن نے کہا کہ مردم شماری کے ذریعہ تمام طبقات کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی صورتحال کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مردم شماری کا کام اس بار مکمل نہیں کیا گیا تو آئندہ کبھی بھی یہ کام نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی تفصیلات صحیح طور پر کمیشن کے روبرو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کی بنیاد پر بی سی کمیشن حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا۔ غلط معلومات کی فراہمی کی صورت میں کسی ایک طبقہ کے ساتھ ناانصافی کا اندیشہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے سلسلہ میں بی سی کمیشن کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے مسئلہ پر بعض افراد کی جانب سے عدالت سے رجوع ہونے کے امکانات ہیں، لہذا کمیشن کسی بھی کوتاہی کے بغیر منظم انداز میں شفافیت کے ساتھ مردم شماری کا کام انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کسی کے دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا اور کمیشن مکمل غیر سیاسی طور پر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر کمیشن کو مکمل بھروسہ ہے اور ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مردم شماری میں صرف بی سی طبقات کی تفصیلات شامل نہیں ہوں گی بلکہ دیگر طبقات کی پسماندگی کے بارے میں بھی صورتحال واضح ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کی نقل بی سی کمیشن کو موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے گھر گھر جامع سروے کا اہتمام کیا تھا لیکن اس کی رپورٹ آج تک برسر عام نہیں کی گئی۔ نرنجن کے مطابق 6 نومبر سے مردم شماری کا کام شروع ہوگا اور 30 نومبر تک تکمیل کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مردم شماری کے کام میں مکمل تعاون کرنا چاہئے ۔ 1