حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل میں حکام سے تعاون کریں۔ پونم پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے مسئلہ پر چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد کُل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ مردم شماری کے کام میں عہدیداروں سے تعاون کریں اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر عوام کو باشعور بنایا جائے۔ حکام کی جانب سے جو سوالنامہ پیش کیا جائے گا اس کی تکمیل کیلئے عوام سے تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے سماجی انصاف کے مقصد سے مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پسماندہ اور کمزور طبقات کو ان کی آبادی کے اعتبار سے سرکاری اسکیمات کے فوائد پہنچائے جائیں۔1