مردم شماری پر کھلے مباحث کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مہیشور ریڈی کا چیلنج

   

سیاسی مقصد براری کا الزام، کے سی آر دور کے جامع سروے کو برسر عام کیا جائے
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی میں بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے وضاحت کی کہ بی جے پی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے خلاف نہیں ہے تاہم انہوں نے کانگریس پر سیاسی مقصد براری کیلئے مردم شماری کے آغاز کا الزام عائد کیا۔ پارٹی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کو بی سی طبقات کے ووٹ حاصل کرنے کی فکر ہے جبکہ مردم شماری کے بارے میں حکومت کے پاس کوئی واضح موقف اور نظریہ نہیں ہے۔ کانگریس نے کاماریڈی میں جاری کردہ بی سی ڈیکلریشن کے تحت 21 وعدے کئے تھے لیکن ان پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ڈیکلریشن کے وعدوں پر عمل آوری کے بغیر ہی مردم شماری کے نام پر بی سی طبقات کو خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ وعدوں پر عمل آوری سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے جامع خاندانی سروے کا اہتمام کیا تھا لیکن تفصیلات آج تک عوام میں جاری نہیں کی گئیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ گھر گھر جامع سروے کی تفصیلات کی عدم اجرائی کے پس پردہ کیا محرکات ہیں۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن تحفظات کی فراہمی کے بجائے مردم شماری کا نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے۔ عدالت کا سہارا لے کر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بچنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریاستی کابینہ میں بی سی طبقات کی نمائندگی کیا ہے؟ مہیشور ریڈی نے کہا کہ حکومت کو تحفظات کے مسئلہ پر کوئی سنجیدگی نہیں ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ مردم شماری پر وائیٹ پیپر جاری کرے۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے مردم شماری کا آغاز کیا گیا۔ بی سی سب پلان کے تحت 20 ہزار کروڑ کی اجرائی کے بارے میں حکومت کو تفصیلات جاری کرنی چاہیئے۔ کے سی آر نے گھر گھر جامع سروے کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا تھا اور اب ریونت ریڈی حکومت مردم شماری کے نام پر دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو مردم شماری کے بارے میں اظہار خیال کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر بی جے پی تلنگانہ چیف منسٹر کو کھلے مباحث کا چیلنج کرتی ہے۔ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ کھلے مباحث کے بارے میں اپنی منظوری کا اعلان کریں اور مقام و تاریخ کا تعین کریں۔1