نئی دہلی، 7 جنوری (یواین آئی) حکومت نے مردم شماری 2027 کے تحت گھر گھر جا کر مکانات کی فہرست تیار کرنے کیلئے یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 تک کی مدت مقرر کی ہے ۔ اس چھ ماہ کی مدت کے دوران مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں وہاں کی صورت حال کے مطابق مقررہ 30 روزہ مدت میں مکانات کی فہرست سازی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ ان 30 دنوں سے پہلے اس بار خود مردم شماری (سیلف سینسس) کا اختیار بھی فراہم کیا جائے گا۔ گھر گھر گنتی سے قبل 15 دن کی مدت خود گنتی کیلئے رکھی جائے گی۔آج مردم شماری کے رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ‘ہندوستان کی مردم شماری 2027 کے سلسلے میں مکانات کی فہرست سازی ہندوستان کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یکم اپریل 2026 سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان 30 دنوں کی مدت کے دوران کی جائے گی۔خود مردم شماری کا اختیار بھی دستیاب ہوگا، جو گھر گھر جا کر مکانات کی فہرست سازی کے 30 روزہ عمل کے آغاز سے ٹھیک پہلے 15 روزہ مدت میں چلایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مردم شماری عموماً ہر دس سال کے وقفے سے کی جاتی ہے ۔ گزشتہ مردم شماری 2011 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد 2021 میں مردم شماری ہونی تھی، لیکن کووڈ-19 وبا کے باعث اسے مؤخر کرنا پڑا تھا۔
