مردم شماری کیلئے رہنمایانہ خطوط پر عمل ضروری

   

Ferty9 Clinic

جگتیال میں عہدیداروں کے تربیتی پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب

جگتیال ۔17 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر جگتیال جی روی نے مردم شماری سے متعلقہ شہر جگتیال کے آئی ایم اے ہال میں منعقدہ دو روزہ تربیتی پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے تربیت میں شرکت کردہ منڈل انچارج ، منڈل ایڈیشنل انچارج اور ڈپٹی انچارج کو تاکید کی کہ اس تربیت سے مکمل طورپر مستفید ہوں۔ کسی بھی قسم کے شبہات پائے جانے پر اسکی تصحیح کرلیں۔ مردم شماری سے متعلقہ رہنمایانہ خطوط پر مشتمل کتابچہ کے مطالعہ کے باوجود کسی قسم کے شبہات پائے جائیں تو اس پروگرام میں اس کی وضاحت حاصل کرلیں۔ سابقہ تجربات ہونے کے باوجود ہر بار کچھ نہ کچھ تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ لہذا رہنمایانہ خطوط کا بغور مطالعہ کرلیں۔ کسی بھی قسم کے شبہات ہونے پر سی پی او یا ڈی آر او سے رابطہ کرتے ہوئے دور کرلیں۔ تمام افراد ایک اجتماعی حیثیت کے ساتھ کام کرتے رہیں۔ کسی بھی قسم کے اختلافات نہ ہونے پائیں ۔ تربیت کے اختتام کے بعد سبھی تربیتی افراد اپنے افراد خاندان کی تفصیلات کو دیئے گئے فارم میں درج کریں تاکہ کسی بھی قسم کے شبہات ہوں تو اُنھیں دور کیا جاسکے۔ مابعد تربیت دی گئی ہدایات سے متعلقہ تربیت یافتہ افراد کی جانچ پر مشتمل ایک امتحان کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بی راجیشم نے کہا کہ دو روزہ تربیتی پروگرام میں سبھی افراد بلاکسی شبہات کے تمام اُمور پر مہارت حاصل کرلیں۔ اول مکانوں میں رہنے والے اور لامکاں افراد کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔ اس کیلئے ایک چارج لسٹ ترتیب دی جائے اور ایک شمار کنندے کو کتنے مکانوں کی ذمہ داری دی جانی چاہئے اس کا فیصلہ لیا جائے ۔ ہر گرام پنچایت اور بلدیہ میں مکانوں پر نمبرات تحریر کئے جائیں اور مکانوں کے نمبر پلیٹ بھی لگوائے جائیں۔ مردم شماری کے ذریعہ اکٹھا کی گئی تفصیلات کے مطابق ہی اگلے دس سالوں تک کیلئے حکومت کی جانب سے ترقیاتی ، فلاحی اور دیگر اقدامات کو روبہ عمل لانے میں مدد ملے گی ۔ تمام افراد اجتماعی طورآپسی تال میل کے ساتھ کام کریں اور اساتذہ کو بحیثیت شمارکنندے کے تقرر کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈی آر او ارونا سری ضلع پریشد سی سی او اے سرینواس ، آر ڈی او جی نریندر ، سی پی او ملیکارجنا ، دیاساگر ڈپٹی ڈائرکٹر ، تحصیلدار ، ایم پی ڈی اوز اور نائب تحصیلداروں نے شرکت کی ۔