مردم شماری کے مسئلہ پر بی سی کمیشن کا ضلع کلکٹرس کے ساتھ ورچول اجلاس

   

28 اکٹوبر سے عوامی سماعت، 10 متحدہ اضلاع میں مؤثر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری اور 28 اکٹوبر سے متحدہ اضلاع میں عوامی سماعت کے مسئلہ پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کیا۔ کمیشن نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ عوامی سماعت کے موقع پر مؤثر انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام کو مردم شماری کے بارے میں اظہار خیال کا موقع ملے۔ بی سی کمیشن نے عوامی سماعت کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا جس کے تحت عوام اور تنظیموں سے تجاویز اور اعتراضات قبول کئے جائیں گے۔ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل بی سی تحفظات کا تعین کرنے کے لئے مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرنشین بی سی کمیشن جی نرنجن نے بتایا کہ متحدہ 10 اضلاع میں 28 اکٹوبر تا 13 نومبر عوامی سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹرس پر کمیشن کے کھلے عام اجلاس منعقد ہوں گے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی سماعت کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اور ادارے کمیشن سے رجوع ہوں۔ کمیشن نے عوامی سماعت کے موقع پر مختلف ٹیموں کی تشکیل کا مشورہ دیا تاکہ تجاویز اور اعتراضات کو نوٹ کیا جاسکے۔ کمیشن کے ارکان آر جئے پرکاش، ٹی سریندر، شریمتی بالا لکشمی، ممبر سکریٹری شریمتی بی مایا دیوی آئی اے ایس اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1