مرادآباد: اتر پردیش کے مراد آباد میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جس میں ایک 40 سالہ شخص کو مردہ خانے کے فریزر میں تقریباً 7 گھنٹے تک رکھا گیا۔ الیکٹریشن شریکیش کمار کو ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی، جس کے بعد جمعرات کی رات اسے ضلع ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اگلے دن ہاسپٹل کے عملے نے نعش کو فریزر میں رکھ دیا۔تقریباً سات گھنٹے بعد جب پنچنامہ یا دستاویز پر نعش کی شناخت کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ارکان خاندان کے دستخط لے کر رضامندی حاصل کی جانی تھی، تو کمار کی بھابی مدھوبالا کو نعش میں حرکت نظر آئی۔چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیو سنگھ نے کہا، ’’ایمرجنسی میڈیکل آفیسر نے مریض کو صبح 3 بجے دیکھا تو اس کا دل نہیں دھڑک رہا تھا۔ اس نے کئی بار اس شخص کا معائنہ کیا، اس کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ لیکن صبح پولیس ٹیم اور اس کے ارکان خاندان نے اسے زندہ پایا۔ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔