لکھنؤ: اترپردیش کے وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے چہارشنبہ شہر کے گومتی نگر میں واقع اندرا گاندھی ہال میں تین طلاق سے متاثرہ خواتین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں یوگی ادتیہ ناتھ نے بغور خواتین کے مسائل سنے۔ اس کے بعد یوگی ادتیہ ناتھ نے اعلان کیا کہ تین طلاق سے متاثرہ خواتین کو سالانہ چھ ہزار روپے سے مالی مدد کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پرائم منسٹر آواس یا چیف منسٹر آواس کے تحت انہیں سرکاری مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔
یوگی ادتیہ ناتھ نے متاثرہ خواتین کو سرکاری نوکری دینے کا بھی وعدہ کیا ہے اور ان کے مقدمات کی پیروی کیلئے مفت کارروائی کی جائے گی۔ ا س کے علاوہ یوگی ادتیہ ناتھ نے کئی اعلانات کئے ہیں۔ تین طلاق بل پاس ہونے کے بعد اس طرح کا پہلا واقعہ ہے جس میں کسی ریاست کے وزیر نے متاثرہ خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مفاد میں اعلانات کئے۔ یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ مرد گاڑی کا ایک پہیہ ہے تو دوسرا پہیہ عورت ہے۔ اس لئے آج ضروری ہے کہ مردوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کی بھی ترقی ہو۔