راہ چلتے سڑکوں پر گھر کا کچرا ڈالنے والوں کے ویڈیوز سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تاریخی یادگار چارمینار کے دامن میں مرغی چوک کی مقبولیت سب پر عیاں ہے لیکن ان دنوں یہ علاقہ کئی ایک بلدی مسائل کا شکار ہے ۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ سڑکوں کے کنارے تعمیری ملبہ ، ڈرینج کے ناقص اور ناکارہ پائپس اور کچرا ڈالنے کی وجہ سے یہ علاقہ کچرا کنڈی میں تبدیل ہورہا ہے جب کہ کچرے کے انبار اور تعمیری ملبہ کی وجہ سے مچھروں میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے عوام کو مسائل کا سامنا کرنے کے علاوہ وبائی بخار خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے مرغی چوک کے مکین محمد اقبال نے کہا ہے کہ مرغی چوک کی سڑکوں پر پہلے ہی تعمیری ملبے اور کچرے کے انبار سے مسائل کا شکار ہے ۔ جب کہ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ اس علاقے کی سڑکوں سے گذرنے والے راہگیر بھی کچرا راستوں پر چھوڑ کر آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی ایسی حرکتوں سے مسائل اور بھی سنگین ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ عہدیداروں اور سیاسی نمائندوں کی اس طرف توجہ مبذول کروانے کے باوجود مسائل کو حل نہیں کیا جارہا ہے ۔ مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف مرغی چوک کو ملبے اور کچرے کے مسائل سے چھٹکارا دلایا جائے بلکہ ایسے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے جو راستہ چلتے ہوئے کوڑا کرکٹ یہاں ڈال رہے ہیں ۔ مقامی افراد نے متعلقہ عہدیداروں سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جو بھی افراد راستوں پر کچرا ڈال کر آگے بڑھ جاتے ہیں ان کی حرکتوں کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ وائرل کیا جائے تاکہ ایک جانب انہیں ایسی غیر سماجی حرکتوں سے دور رکھائے جائے تو دوسرے جانب لوگوں کو بھی یہ ڈر رہے کہ وہ بھی کہیں ایسا کرتے ہوئے ویڈیو میں نہ آجائے ۔۔