تھانہ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک جھلسی ہوئی نعش کے قریب پائے جانے والے ٹاٹ کے تھیلے کے ذریعہ جس پر مرغ کے پر چپکے ہوئے تھے، مہاراشٹرا میں تھانے کی پولیس کو قتل کے ایک کیس کا پتہ چلانے اور بنگال کے رہنے والے ایک شخص کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلینے میں کافی مدد ملی۔کلیان شہر کے ایک پل کے نیچے 23 جون کو ایک 25 سالہ عورت کی جزوی جلی ہوئی نعش دستیاب ہوئی۔ اس نعش کے قریب ایک ٹاٹ کا تھیلہ بھی پایا گیا جس پر مرغی کے پر چسپاں تھے اور اس عورت کے جسم پر بنگالی زبان میں لکھا ہوا ایک تعویذ بھی بندھا ہوا تھا۔ سینئر پولیس انسپکٹر وینکٹ انڈلے نے بتایا کہ اسے دیکھ کر ایک ایسی مرغ فروش کے دکان کا پتہ لگانے کی کوشش کی جس کا مالک بنگالی زبان بولتا ہو۔ بعدازاں پولیس کو یہ سراغ ملا اور کھڈاوالی کی ایک عورت مرغ فروش کی دکان کو اکثر آیا کرتی تھی جس کا مالک 33 سالہ عالم شیخ تھا۔ پولیس کو یہ بھی پتہ چلا کہ نعش کا پتہ چلتے ہی شیخ بنگال روانہ ہوگیا۔ پولیس نے بنگال کے ضلع بیربھوم کے گاؤں سعید پور میں ملزم کا پتہ چلا لیا۔ شیخ نے اعتراف جرم کرلیا ۔
وادی میں ٹرین سرویس بحال
سرینگر ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وادی میں منگل کے روز تمام ٹریکوں پر ریل سروس حسب معمول چلے گی۔انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز ہڑتال کے پیش نظر وادی میں لوگوں، ریلوے عملے اور املاک کے تحفظ کے تئیں ٹرین سروس کو معطل رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔
جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور کولگام کے تمام بازاروں میں منگل کی صبح ہی معمولات بحال ہوئے ، تمام بازار کھل گئے ، سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل حمل جاری رہی اور سرکاری دفاتر وبنکوں میں بھی کام کاج بحال ہوا اور تعلیمی ادارے بھی کھل گئے نیز ترال قصبے میں عائد کرفیو جیسی پابندیوں کو ہٹایا گیا۔شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ سے بھی یک روزہ ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے کی اطلاعات ہیں۔وسطی کشمیر کے دیگر دو اضلاع گاندربل اور بڈگام میں بھی یک روزہ ہڑتال کے بعد منگل کے روز معمولات زندگی بحال ہوئے ، بازاروں میں تمام دکان کھل گئے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بحال ہوا۔