مرمو کی میگھالیہ، تریپورہ اور منی پور کے عوام کو یومِ تاسیس کی مبارکباد

   

نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے چہارشنبہ کے روز ریاست کے یومِ تاسیس کے موقع پر میگھالیہ، تریپورہ اور منی پور کے عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں اور امن و خوشحالی سے بھرپور مستقبل کی تمنا کی۔ محترمہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میگھالیہ، تریپورہ اور منی پور کے عوام کو ان کی ریاست کے یومِ تاسیس پر دلی مبارکباد۔ یہ ریاستیں شاندار ثقافتی ورثے، زندہ روایات اور غیر معمولی قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہیں۔ یہاں کے محنتی اور باصلاحیت لوگوں نے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ میں یہاں کے باشندوں کے لیے امن اور خوشحالی سے بھرے مستقبل کی تمنا کرتی ہوں۔
واضح رہے کہ منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کو 21 جنوری 1972 کو ریاست کا درجہ ملا تھا۔ یہ دن ہر سال تینوں ریاستوں میں سرکاری تقاریب، ثقافتی پروگراموں اور عوامی سرگرمیوں کے ساتھ منایا جاتا ہے ، جن میں ان کی تاریخ، شناخت اور ملک کے تئیں خدمات کو یاد کیا جاتا ہے ۔