ممبئی، 30 جون (ایجنسیز) ’ کانٹا لگا گرل ‘ سے مشہور شیفالی جریوالا کی گزشتہ ہفتے اچانک 42 برس کی عمر میں موت ہوگئی۔ 27 جون کو شیفالی کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا۔میڈیا سے گفتگو میں طویل عرصے تک شیفالی کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے انکشاف کیا کہ شیفالی کو حالیہ چند سال کے دوران کسی سنگین طبی حالت کا سامنا نہیں رہا، اس کے برعکس وہ تقریباً 5 تا 6 سال سے اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کروارہی تھی۔ شیفالی کے ڈاکٹر کے مطابق انہیں دل کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں تھا اور نہ ہی شیفالی نے کبھی دل کے علاج سے متعلق کوئی دوا لی تھی، وہ فٹ اور کم عمر دکھنے کیلئے ٹریٹمنٹ اور میڈیسن لے رہی تھی۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق شیفالی باقاعدگی سے خالی پیٹ اینٹی ایجنگ انجیکشن لیتی تھیں، مرنے سے قبل دوپہر کے وقت بھی شیفالی نے اپنا اینٹی ایجنگ انجکشن لیا تھا جس کی وجہ سے ان پر کپکپی طاری ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ میڈیا کے مطابق بے ہوش ہوجانے کے بعد شیفالی کواسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ پولیس حکام نے شیفالی کے گھر سے تمام دوائیں ضبط کر لی ہیں۔