مرنے پر تلنگانہ کی سرزمین کا حصہ بنوں گا: رامچندر راؤ

   

کانگریس کو برسراقتدار لانے کا ریونت ریڈی پر بھروسہ
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے قریبی ساتھی اور سینئر کانگریس لیڈر کے وی پی رامچندر راؤ نے تلنگانہ سے اپنی اٹوٹ وابستگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مرنے کے بعد وہ تلنگانہ کی زمین میں دفن ہوں گے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی برسی کے موقع پر کتاب کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ نے آندھرا سے اپنے تعلق کے باوجود یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ انہیں آندھرائی تصور نہ کیا جائے۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ریونت ریڈی کو دیکھنے پر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ وائی ایس آر کی طرح کانگریس کو برسراقتدار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر انہیں آندھرائی نہ کہا جائے، میں تلنگانہ کا فرد ہوں اور مرنے کے بعد تلنگانہ کی سرزمین کا حصہ بن جاؤں گا۔ رامچندر راؤ نے کہا کہ تلگو ریاستوں میں کانگریس پارٹی کو برسراقتدار لانا اور راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا ان کا بنیادی مقصد ہے۔ واضح رہے کہ کے وی پی رامچندر راؤ 2004 میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے مشیر خاص تھے۔ حکومت کے تمام اہم فیصلوں میں ان کا اہم رول تھا تاہم راج شیکھر ریڈی کی حادثہ میں موت کے بعد رامچندر راؤ سرگرم سیاست کیلئے آندھرا پردیش تک محدود ہوگئے۔ تلنگانہ کے کانگریس امور میں ان کی مداخلت پر بھی کئی قائدین نے اعتراض جتایا تھا۔ کتاب کی رسم اجراء تقریب میں ورکنگ کمیٹی کے رکن این رگھویرا ریڈی، صدر پردیش کانگریس آندھرا پردیش جی رودرا راجو اور آندھرا پردیش کے وزیر آنم رام نارائن ریڈی نے شرکت کی۔