حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ مرکز، گورنر اور ہائی کورٹ کے دبائو کے بعد کے سی آر کو آر ٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں اپنے قدم واپس لینے پڑے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کے سی آر ہڑتال کے سلسلہ میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے مرکز، ریاستی گورنر اور ہائی کورٹ کا مسلسل دبائو تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر 52 دنوں تک اپنے ہٹ دھرمی کے رویہ پر قائم رہے اور تینوں کے دبائو کے بعد انہوں نے ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کی جانب سے آر ٹی سی کو خانگیانے کے سلسلہ میں رکاوٹ پیدا کی گئی جس کے بعد کے سی آر حکومت کو خاگیانے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرنی پڑی۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کو ستمبر اور اکٹوبر کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ بعض آئی اے ایس عہدیدار حکومت کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سنیل شرما کے خلاف مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت کی جائے گی۔