حیدرآباد۔10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری اور ریاستی اسکیمات کیلئے مرکزی امداد کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے اڈوائزری گروپ تشکیل دیا ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل یہ گروپ پبلک فینانس مینجمنٹ سسٹم کے سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کرے گا۔ پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ اسٹیٹ اڈوائزری گروپ برائے پبلک فینانس مینجمنٹ سسٹم کے صدرنشین کی حیثیت سے پرنسپل سکریٹری فینانس کو مقرر کیا گیا جبکہ ارکان کی حیثیت سے اسٹیٹ نوڈل آفیسر پبلک فینانس مینجمنٹ سسٹم ، سکریٹری فینانس ، ڈائرکٹر ٹریژری اینڈ اکاؤنٹس ، پے اینڈ اکاؤنٹس آفیسر تلنگانہ ، ڈائرکٹر پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور ڈائرکٹر انفارمیشن ٹکنالوجی فینانس ڈپارٹمنٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ حکومت نے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری اور ریاستی اسکیمات کیلئے مرکزی امداد کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات سے تفصیلات حاصل کرنے ایک علحدہ ٹیم تشکیل دی ہے ۔ 4 رکنی اس ٹیم کی ذمہ داری رہے گی کہ وہ اسکیمات کی تفصیلات سافٹ ویر کے ذریعہ محفوظ کرے گی ۔ ٹیم کے ارکان میں بی ایس ناگیندر سینئر اکاؤنٹس آفیسر، ایم ایچ رام نائک اے اے او ، ای راما کرشنا اے ٹی او ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس اور روبن داسمان ایس ٹی او ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ شامل ہیں۔
