مرکزی الیکشن کمیشن کی ٹیم کا دورہ تلنگانہ مکمل ‘ انتخابات کو منصفانہ بنانے ہر ممکن اقدامات کا عزم

,

   

رقومات کی تقسیم اور دیگر دھاندلیوں کو روکنے خصوصی اقدامات ۔ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ۔ چیف الیکشن کمشنر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد5اکٹوبر(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن سے شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائیگا اور ان تمام ریاستوں میں جہاں انتخابات ہونے ہیں عہدیداروں اور عملہ سے مذاکرات جا ری ہیں ۔چیف الیکشن کمشنر مسٹر راجیو کمار نے سہ روزہ دورہ تلنگانہ کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں عہدیداروں بالخصوص پولیس کو ہدایات دیگئیں کہ وہ کمیشن کو ہفتہ واری رپورٹس روانہ کریں ۔ ووٹرس کو راغب کرنے رقومات کی تقسیم شراب و دیگر اشیا کی ضبطی کیلئے تفصیلات پیش کرنے اور کاروائی سے واقف کروائیں۔ مسٹر راجیو شرما نے بتایا کہ گذشتہ دو یوم میں پولیس‘ انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ الیکشن کمیشن ٹیم نے انتخابی تیاریوں کو جائزہ لیا اور ووٹر لسٹ میں نقائص کو دور کرنے اقدامات سے آگہی حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں مرد و خواتین ووٹرس میں کافی کم فرق ہے لیکن خواتین میں رائے دہی میں حصہ لینے شعور اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ انتخابات دھاندلیاں روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مراکز رائے دہی پر خواتین عملہ کے تقرر کے علاوہ ’صرف خواتین ‘ کیلئے خاتون عملہ کے ساتھ مراکز رائے دہی کا بھی قیام عمل میں لایا جائیگا ۔پریس کانفرنس میں انوپ چندرپانڈے ‘ مسٹر ارون گوئل الیکشن کمیشن ٹیم کے ارکان و چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر وکاس راج ‘ ڈپٹی چیف ایکزیکیٹو آفیسر جناب محمد عبدالحمید و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا اور تمام عہدیدار کمیشن کے ماتحت ہوجائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابی دھاندلیوں کی شکایات کے اندراج کیلئے وہ Cvigil ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اس کے ذریعہ دھاندلی کی شکایت کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کرنے والوں کے نام کا افشاء نہیں کیا جائے گا بلکہ اندرون 100 گھنٹہ کاروائی کرکے شکایت کنندہ کو واقف کروایا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں انتخابات میں ای وی ایم کی منتقلی کیلئے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کی پابندی رہے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں داخلہ کی سرحدوں پر 148 چیک پوسٹ کے علاوہ پہلی بار 8چیک پوسٹ محکمہ جنگلات کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں 89 محکمہ پولیس کے حوالہ ہونگے جبکہ 14روڈ ٹرانسپورٹ ‘ 16 کمرشیل ٹیکس اور 21 چیک پوسٹس محکمہ ایکسائز سے قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے معمرین کو گھر سے ووٹ ڈالنے کی سہولت کو تلنگانہ میں روشناس کروانے کا اعلان کیا اور کہا کہ معمرین کو اعلامیہ کی اجرائی کے اندرون 5 یوم واقف کروانا ہوگا ۔ ریاست میں 80 سال سے زائد عمر والے ووٹرس 4لاکھ 43ہزار ہیں جبکہ 100سال سے زائد عمر کے ووٹرس 7689 ہیں۔ جملہ 35ہزار556 پولنگ بوتھ رہیں گے جن میں شہری مراکز کی تعداد 14 ہزار 458 اور دیہی 20 ہزار 898 مراکز ہونگے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ تلنگانہ ہی نہیں بلکہ جن ریاستوں میں انتخابات ہونے ہیں ان میں مراکز رائے دہی پر بنیادی سہولت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 فیصد سے زیادہ معذور ووٹرس کو بھی گھر سے ووٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ معذورین جو مراکز رائے دہی تک پہنچ سکتے ہیں وہ ضرور مراکز پر پہنچ کر اپنے حق کا استعمال کریں کیونکہ انہیں مراکز پر بھی مکمل سہولت فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا امیدواروں کے حلف ناموں کا مشاہدہ کرنے کی سہولت کی فراہمی کہا کہ کمیشن ووٹر کے مشاہدہ کیلئے امیدواروں کے حلف ناموں کو ویب سائٹ پر مکمل تفصیلات کے ساتھ پیش کریگا ۔