مہنگائی کیخلاف نعرے، برقی شرحوں میں اضافہ کی مخالفت، وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ کی شرکت
حیدرآباد۔24۔ مارچ (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف حیدرآباد میں عوامی مظاہرہ کا اہتمام کیا گیا۔ مرکز کی جانب سے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف ریاستی سکریٹری سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ حیدرآباد میں حمایت نگر پر منعقدہ احتجاج میں سینکڑوںکی تعداد میں سی پی آئی کارکنوں نے حصہ لیا۔ سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ سی پی آئی کے حیدرآباد سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے احتجاجی پروگرام منظم کیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی نے مرکز اورریاست پر عوام دشمن فیصلوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں عوام مہنگائی سے کافی پریشان ہیں ، ایسے میں برقی شرحوں میں اضافہ کا فیصلہ اضافی بوجھ کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں ہر چند دن میں اضافہ ہورہا ہے اور مرکزی حکومت قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے نام پر خوردنی تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر نے گزشتہ 8 برسوں میں عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھائے۔ احتجاجیوں نے قیمتوں میں کمی اور برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کیلئے نعرے لگائے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عوام کو دونوں حکومتوں کے خلاف احتجاج کیلئے تیار ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ کا فیصلہ دراصل ڈسکامس کو خانگیانے کی سمت پیشقدمی ہے۔ انتخابات کے موقع پر مرکز اور ریاست میں مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا لیکن قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ عزیز پاشاہ نے کے سی آر اور نریندر مودی حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے عوامی احتجاج کی ضرورت پر زور دیا۔ سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹریٹ رکن وی ایس بوس نے کہا کہ 28 اور 29 مارچ کو ملک بھر میں مزدوروںکی جانب سے عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے اور عوام کو اس میں حصہ لینا چاہئے۔ ر