مرکزی اور ریاستی حکومتیں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد میں جلسہ عام سے انچارج سی پی آئی کے نرسملو کا خطاب

ظہیرآباد /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انچارج سی پی آئی ظہیرآباد کے نرسملو نے بلدیہ ظہیرآباد کے قدیم حلقہ نمبر 1 مانک پربھو میں سی پی آئی کے پرچم کی رسم کشائی انجام دینے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے بلدی انتخابات میں سی پی آئی حصہ لے گی اور وہ بلدیہ کے تمام حلقہ جات میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سی پی آئی غریبوں کے کاز کیلئے کام کرتی ہے اور وہ ہمیشہ غریبوں سے مربوط مسائل کو شدت کے ساتھ اٹھاتی اور ان کے حل کیلئے جدوجہد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی دونوں حکومتیں ، اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ مرکزی حکومت اپنی ناعاقیت اندیشانہ پالیسیوں کے ذریعہ ملک کی معیشت کو جہاں تباہی کے دہانے پر پہچان رہی ہے وہیں مذہبی منافرت کے ذریعہ عوام کے درمیان خلش پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے ملک کی ملی جلی تہذیب کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ نئے صنعتوں کا قیام تو دور کی بات ہے موجودہ صنعتیں بند ہوجانے کے قریب پہونچ چکی ہیں ۔ متلاشیان روزگار کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت بھی مرکز کے نقش قدم پر رواں دواں ہے ۔ ریاست میں بے روزگاری عام ہوگی ہے ۔ تعلیم یافتہ نوجوان معمولی کام کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں ۔ سرکاری ادارے ملازمین کی قلت سے دوچار ہیں ۔ بے گھر خاندان حکومت کے ڈبل بیڈروم امکنہ اسکیم کے شرمندہ تعبیر ہونے کا بے چینی سے منتظر ہے ۔ رعیتوں بندھو اسکیم سے استفادہ سے محروم کسان ، انصاف کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف ، سی پی آئی کا نصب العین ہے اور وہ اس کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی ۔ اس موقع پر سی پی آئی منڈل سکریٹری محمد اظہر ، ضلعی صدر کل ہند تنظیم انصاف محمد اشفاق حسین ، سی پی آئی ضلع کونسل ممبر شیخ افضل میاں ، سی پی آئی کے دیگر قائدین محمد مبین ، محمد فیض الدین ، محمد شفیع ، محمد قطب الدین ، محمد ظفر ، راجو کے بشمول عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔